سکردو(چیف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے گمبہ سکردو میں تین روز سے جاری احتجاجی دھرنے میں اس وقت شدت آگئی جب اس جماعت کی اتحادی ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر سید علی رضوی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ دھرنے میں شریک ہوئے اور سید علی رضوی کئی گھنٹے تک دھرنے میں شریک رہے سید علی رضوی اور ایم ڈبلیو ایم کے دیگر ذمہ داروں کی دھرنے میں شرکت پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما ذاکر ایڈووکیٹ نے سید علی رضوی اور ان کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ سید علی رضوی بیمار ہونے کے باوجود رول آف لا کیلئے دھرنے میں شریک ہوئے ہم ان کے اس اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کوئی شک نہیں کہ سید علی رضوی ہماری قوم کی ایک توانا آواز ہیں امید ہے کہ وہ آئندہ بھی علاقے میں آئین و قانون کی بالادستی کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے سید علی رضوی نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم شروع سے ہی ٹی آئی کے اتحادی رہے ہیں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ان دنوں سفر میں ہیں جوں ہی وہ وطن واپس آئیں گے دھرنے میں شدت آئے گی ہمارے کارکنان اسلام آباد سمیت ملک بھر میں جاری دھرنے میں موجود ہیں انشا اللہ ہم ڈٹ کر چوروں لٹیروں کا مقابلہ کریں گے سانحہ پارا چنار سکیورٹی اداروں کی ناقص حکمت کا نتیجہ ہے حکمرانوں کو چاہیئے کہ وہ پارا چنار اور کرم ایجنسی میں قیام امن کیلئے سنجیدہ کوششیں کریں وہاں بھائی کو بھائی سے لڑایا جا رہا ہے دریں اثنا دھرنے کی وجہ سے گلگت سکردو شاہراہ بند رہی جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
