اسلام آباد (پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا کہ وزیر عظم پاکستان کے حالیہ دورے کے موقع پر علاقے کیلئے اہم اعلانات کئے ہیں جن پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے دورہ گلگت بلتستان کے حوالے سے جاری کردہ ہدایات میں ٹائم لائن کا تعین کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان وزیر اعظم پاکستان کے ہدایات کا مقررہ ٹائم لائنز پر عملدر آمد یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ علاقے کے عوام کو درپیش مشکلات کا بر وقت حل ممکن ہو سکے۔ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے جاری ہدایات پر عملدرآمد میں تا خیرمنفی تاثر کا سبب بن سکتا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حال ہی میں وزیر اعظم پاکستان کے اعلان کردہ ترقیاتی منصوبوں پر جلد عملدرآمد کے حوالے سے 3 دسمبر کو اجلاس منعقد ہوگا جس میں وزیر اعظم کے اعلانات پر عمل درآمد کے حوالے سے صوبائی سطح پر جو اقدامات کیے گئے ہیں ان اقدامات اور وفاقی سطح پر کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ دیامر بھاشہ ڈیم کے سی بی ایمز پر عملدرآمد کے حوالے سے دیامر کے منتخب نمائندوں سے بھی بہت جلد تفصیلی مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر سی ٹی ڈی قائم کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گلگت بلتستان کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لینے پر وفاقی وزیر کا شکر یہ ادا کیا۔
