گلبر خان کی مرادشاہ سے ملاقات، سندھ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں جی بی کیلئے سیٹوں میں اضافے کا فیصلہ

کراچی،گلگت(پ،ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور اصلاحات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے قابل تحسین کردار ادا کیا ہے۔ گلگت بلتستان میں ہیلتھ سیکٹر کی بہتری کیلئے ڈاکٹروں اور جنرل نرسز کی کمی دور کرنے کیلئے سندھ حکومت کا تعاون درکار ہے، اس حوالے سے سندھ کے میڈیکل و نرسنگ کالجز اور انجینئر نگ یونیورسٹیز میں گلگت بلتستان کے طالب علموں کیلئے سیٹوں میں اضافہ کیا جائے۔سندھ کے پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں بھی آئی ٹی سمیت دیگر اہم شعبوں میں گلگت بلتستان کے طالب علموں کےلئے سیٹوں میں اضافہ کیا جائے۔ گلگت بلتستان کے طالب علم اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے بڑی تعداد میں کراچی آتے ہیں۔ آپ سے گزارش ہے کہ گلگت بلتستان کے طالب علموں کیلئے مخصوص ہاسٹل تعمیر کریں تاکہ سندھ میں گلگت بلتستان کے طالب علموں کو رہائش کا مسئلہ درپیش نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر سندھ کے میڈیکل و نرسنگ کالجز اور انجینئرنگ یونیورسٹیز، پبلک سیکٹر کے یونیورسٹیز میں بھی گلگت بلتستان کے طالب علموں کیلئے سیٹوں میں اضافے کیا جائے گا۔ اور کراچی میں زیر تعلیم طالب علموں کیلئے ہاسٹل تعمیر کرنے کی یقین دہانی کرائی اورکہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر گلگت بلتستان میں این آئی سی وی ڈی قائم کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ صحت کے شعبے کی بہتری سمیت تمام شعبوں میں حکومت گلگت بلتستان کیساتھ ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے ہمراہ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی رحمت خالق اور معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ حسین شاہ بھی موجود تھے۔