پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی آمد کے حوالے سے آئی سی سی کے جواب کے منتظر ہیں،بھارت تحفظات ہیں تو ہم سے بات کرے۔ چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرائیں گے،عاقب جاوید چیمپئنز ٹرافی تک وائٹ بال ٹیم کے عارضی ہیڈ کوچ ہوں گے ۔لاہور میں قذافی اسٹڈیم کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کی نگرانی کی جارہی ہے، اپنا ہدف حاصل کریں گے اور چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں خیریت سے کرائیں گے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کرکٹ سے سیاست کو علیحدہ رکھنا چاہیے، سیاست کو کھیل میں نہیں لانا چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ ہم نے خط لکھا تھا، بالکل لکھا تھا، اس کے جواب کا انتظار ہے، ہمارا رابطہ صرف آئی سی سی سے ہے اور ہمیں ان ہی سے جواب کا انتظار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے متعلق اچھے کی توقع ہے، آئی سی سی کو خط لکھا ہے، اب جواب کا انتظار ہے۔چیمپئنز ٹرافی کیلئے تمام ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار ہیں، ایونٹ کے دوران جلد بازی نہیں کرنا چاہ رہے۔ ہمیں کوئی ٹف ٹائم نہیں دے سکتا، چمپئینز ٹرافی بارے اب بھی پرامید ہوں ، آئی سی سی کو اپنی ساکھ کے بارے میں خود سوچنا ہوگا۔ قذافی اسٹیڈیم کا کام وقت پر مکمل ہوجائے گا، چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ 10 پندرہ دن میں ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کریں گے۔چیمپئنز ٹرافی تک عاقب جاوید سے عبوری کوچ کی ذمے داریاں سنبھالنے کی درخوست کی ہے۔
