گلگت (پ ر)گلگت بلتستان بار کونسل اور گلگت بلتستان بار ایسوی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی مدت بڑھانے پر چیف جسٹس سپریم اپیلٹ کورٹ سردار محمد شمیم خان نے نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم اپیلٹ کورٹ میں عدالتی کارروائی کے دوران وکلا کی جانب سے استدعا کی گئی کہ گلگت بلتستان بار کونسل اور گلگت بلتستان بار ایسوی ایشن نے ہڑتال کی مدت کو مزید ایک ہفتے کے لئے بڑھا دیا ہے اس لئے وہ اپنے کیسز کی پیروی سے گریزاں ہیں۔جس پر چیف جسٹس سپریم اپیلٹ کورٹ سردار محمد شمیم خان نے درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وکلا کے مطالبات حکومت سے متعلق ہیں نا کہ کورٹس سے، چیف جسٹس سپریم اپیلٹ کورٹ نے کہا کہ وکلا کی عدم پیروی کی وجہ سے گلگت بلتستان کے سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے، چیف جسٹس نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے وکلا کو متنبہ کیا کہ پیشیوں کی عدم پیروی پر غیر حاضر تصور کرتے ہوئے کیسز کو خارج کر دیا جائے گا۔ اس موقع پرچیف جسٹس سردار محمد شمیم خان نے رجسٹرار چیف کورٹ کوجاری حکم نامے میں چیف کورٹ اور ماتحت عدالتوں کے ججز کو بلا تعطل عدالتی کارروائی جاری رکھنے اور وکلا کی جانب سے عدم پیروی پر ان کے کیسسز کو خارج کر نے کی ہدایات جاری کر دی۔
