آسٹریلیا کے خلاف تاریخی کامیابی،پاکستان نے سیریز 2-1سے اپنے نام کرلی

پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست دیکر تاریخ رقم کر دی ، پاکستانی بائولرز نے میزبان ٹیم کو 140 رنز پر ڈھیر کردیا،پاکستان نے 141 رنز کا ہدف 27ویں اوور میں حاصل کرلیا، کپتان محمد رضوان اور بابر اعظم بالترتیب 30 اور 28 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے، حارث رئوف کو پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز قرار دیاگیا،اس جیت کے ساتھ رضوان اپنے پہلے امتحان میں کامیاب ہوگئے پاکستان نے رضوان کی کپتانی میں یہ پہلی سیریز جیتی ہے،آسڑیلیاکے خلاف ون ڈے سیریز میں تاریخی کامیابی نے تعطیل کا لطف دوبالا کردیا اور کرکٹ شائقین نے خوب جشن منایا۔پرتھ میں کھیلے گئے ایک روزہ سیریز کے آخری میچ میں پاکستانی پیس بیٹری نے کینگروز کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دئیے، قومی ٹیم نے 31.5 اوورز میں آسٹریلیا کے 9 کھلاڑی 140 رنز پر آؤٹ کردئیے ، ایک کھلاڑی انجری کی وجہ سے دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں اترے۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف 27 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، قومی ٹیم کی اوپننگ جوڑی نے ایک بار پھر پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور ٹیم کو 84 رنز کا آغاز فراہم کیا۔پچھلے میچ میں نصف سنچریاں بنانے والے صائم ایوب نے 42 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عبداللہ شفیق 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد رضوان 30 اور بابراعظم 28 رنز پر ناقابل شکست رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے دونوں وکٹیں لینس موریس نے حاصل کیں۔اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، آسٹریلیا کی جانب سے سین ایبٹ 30 رنز بناکر نمایاں رہے اور ان کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔آسٹریلیا کی اوپننگ جوڑی اس میچ میں بھی ناکام ثابت ہوئی، جیک فریزر میکگورک صرف 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور میتھیو شارٹ نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔کپتان جوش انگلس بھی 7 ہی رنز بناسکے، ایرون ہارڈی نے 12 رنز بنانے میں کامیاب رہے، کوپر کونولی 7 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، محمد حسنین کی گیند ان کے ہاتھ پر لگی جس سے وہ انجرڈ ہوگئے۔گلین میکسوئل مسلسل تیسرے میچ میں حارث رؤف کا شکار بنے، وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے، آل راؤنڈر مارکس اسٹونئس بھی 8 رنز ہی بناسکے، ایڈم زمپا نے 13 رنز بنائے۔قومی ٹیم کی جانب سے نسیم شاہ نے اور شاہین شاہ آفریدی نے 3،3 حارث رؤف نے 2 اور محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستانی ٹیم کی جانب سے گزشتہ میچ کی فاتح سائیڈ برقرار رکھی گئی  ، تاہم آسٹریلیا نے ٹیم میں 5 تبدیلیاں کیں،میزبان ٹیم نے کوپر کونولی، مارکس اسٹوئنس، شان ایبٹ، اسپینسر جونسن اور لینس موریس کو موقع دیا ۔بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل آسٹریلیا نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو آرام دیا   جن میں کپتان پیٹ کمنز، اسٹیو اسمتھ ، مارنس لبوشین، مچل اسٹارک، اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دی تھی جبکہ قومی ٹیم نے دوسرے میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 9 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 1ـ1 سے برابر کردی تھی۔