گلگت (پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے بلچی بگروٹ دورے کے موقع پر عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بگروٹ تاریخی اور ثقافتی اعتبار سے اہمیت کا حامل خطہ ہے۔ حکومت بگروٹ کے عوام کو درپیش مسائل حل کرے گی۔ بگروٹ کے عوام میں پائی جانے والی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی کے سفر کو عملی جامہ پہنانے کیلئے مستقل قیام امن اور بھائی چارگی کے فضاء کو فروغ دینا لازمی ہے۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ گلگت بلتستان کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ماضی میں سیاسی سطح پر میرٹ کی بنیاد پر فیصلہ نہ ہونے کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کالینڈ ریفارمز کے حوالے سے دیرینہ مطالبہ بہت جلد پورا ہوگا جس کے تحت خالصہ سرکار کو ختم کرکے گلگت بلتستان کے زمینوں کی ملکیت یہاں کے عوام کو دی جائے گی۔ کابینہ سے لینڈ ریفارمز ایکٹ منظور ہوا ہے اور بہت جلد اسمبلی سے بھی منظور ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر چراء تا دتوچی روڈ کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ تعمیرات کوہدایت کی کہ اس منصوبے کی فزیبلٹی جلد تیار کرے تاکہ اس اہم منصوبے کو اے ڈی پی میں شامل کیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے بگروٹ میں لنک روڈز کی تعمیر کا بھی اعلان کیا اور بگروٹ میںبوائز انٹر کالج کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ عوام کے مطالبے پر دتوچی سول ڈسپنسری کو اپ گریڈ کرکے اے کلاس ڈسپنسری بنانے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بگروٹ میں زراعت ، لائیو سٹاک کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے ۔یہاں کے بیشتر آبادی کا انحصار زراعت اور لائیو سٹاک پر ہے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکرٹری زراعت کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بگروٹ میں لائیو سٹاک اورزراعت کے فروغ کیلئے خصوصی منصوبے تیار کئے جائیں۔ بگروٹ سیاحت کے حوالے سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاحت کے فروغ کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ ادھر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے جلال آباد دورے کے موقع پر بوائز ہائی سکول اور گرلز ہائی سکول کی نئی عمارتوں کا افتتاح کیا۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ نے عمائدین جلال آباد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت سے نزدیک ہونے کے باوجود جلال آباد کو صحت اور تعلیم جیسے اہم شعبوں میں نظرانداز کیا گیا۔ ہماری حکومت جلال آباد کے عوام کو درپیش مسائل حل کرے گی اور یہاں کے عوام کی محرومیوں کاازالہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گرلز ہائی سکول کے زیر التواء منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے جلال آباد میں بوائز ہائی سکول کو ہائیر سکینڈری کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے منشور میں خالصہ سرکار کو ختم کرنا شامل تھا ہم نے اس ایجنڈے کو آگے بڑھایا اور لینڈ ریفارمز ایکٹ تیار کیا ہے جس کی کابینہ سے منظوری ہوئی اور جلد اسمبلی سے اس ایکٹ کو منظور کیاجائے گا اور زمینوں کی ملکیت گلگت بلتستان کے عوام کو دی جائے گی۔ تمام فیصلے میرٹ پر کئے جارہے ہیں۔ وسائل کا منصفانہ تقسیم یقینی بنایا جارہاہے۔ بعدازیں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے محمد آباد30 بیڈ ہسپتال کا دورہ کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم سی ایچ سنٹر کو بہت جلد فعال کیا جائے گا۔ محمد آباد ہسپتال اور کالج میں پانی کے حوالے سے درپیش مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور محمد آباد ہسپتال میںمیڈیکل سپیشلسٹ کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا۔
