گلگت(پ ر)گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں گلگت بلتستان کے باسیوں کو مبارکباد دی ہے اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن و سلامتی کیلئے پرخلوص دعا کی ہے۔گورنر نے کہا کہ یکم نومبر گلگت بلتستان کی تاریخ کا ایک سنہرا دن ہے یہ دن خطے کے غیور عوام میں ملی یکجہتی، عزم و ہمت، بہادری اور وطن عزیز کی آزادی کے جذبے کی یاد دلاتا ہے جو سن 1947 کو گلگت بلتستان کے نہتے اور بہادر عوام نے اپنے وطن کو ڈوگرہ راج سے آزاد کرایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام سب سے زیادہ محب وطن ہیں، ہمارے آبا و اجداد نے ڈنڈے سے لڑ کر ڈوگرہ فوج کو بھگایا اور وطن عزیز پاکستان کے ساتھ الحاق کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی علاقے کی تعمیر و ترقی اور ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے گلگت بلتستان کے عوام صف اول کردار ادا کررہے ہیں۔ آج کا دن ہمیں ہمارے آباو اجداد کی لازوال قربانیوں کا دن ہے اور اسلام کی آزادی کے لئے جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ گورنر گلگت بلتستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن کو منانے کا مقصد ہمارے آبا و اجداد کی آزادی کیلئے جدوجہد لازوال قربانیاں ،عزم و ہمت اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے کا ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہمیں ایک بار پھر یکم نومبر 1947 کی طرح علاقائی اور مسلکی تعصبات سے بالا تر ہوکر آپس میں اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے اور گلگت بلتستان کے ہر فرد پر فرض ہے کہ وہ علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے اتحاد اور امن کی فضا کو قائم رکھے۔ گورنر نے کہا کہ یوم آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر نظریہ پاکستان کی بقا اور مثالی فلاحی ریاست کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور افواج پاکستان کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادر وطن کی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ان کا کہنا ہے کہ یوم آزادی پر بھارتی بربریت کے شکار کشمیری بہن بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے۔
