ٹائم لائنز پر عمل نہ ہونے سے منصوبے نامکمل، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی، وزیراعلیٰ

 گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے 3.2 میگاواٹ پاور پروجیکٹ بٹوٹ نومل کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے شہری علاقوں کو بجلی کی کمی کا سامنا ہے جس کی بڑی وجہ پاور کے منصوبوں کی بروقت تکمیل نہیں ہونا ہے۔ ہم نے اپنے ایک سال کی مدت میں بجلی کے زیر تعمیر منصوبوں کے ٹائم لائنز کا تعین کیا اور باقاعدگی سے ان ٹائم لائنزپر عملدرآمد کا جائزہ لیتے رہے جس کی وجہ سے بیشتر زیر التواءپاور پروجیکٹس مکمل ہورہے ہیں۔ نلتر 16 میگاواٹ پاور پروجیکٹ گلگت شہر کےلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، متعلقہ محکمے نے حکومت کو اس منصوبے کی تکمیل کےلئے ٹائم لائنز دیئے ہیں ان ٹائم لائنز پر عملدرآمد میں تاخیر نظر آرہا ہے۔ اگر اس منصوبے کی تکمیل نومبر میں بھی ہوتی ہے تو گلگت میں بجلی کے بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ منصوبے پر مزید تاخیر کی صورت میں سیکریٹری برقیات کو متعلقہ ٹھیکیدار کےخلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے نومل بٹوٹ 3.2 میگاواٹ پاور پروجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور محکمے کی جانب سے اس منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان ریجنل گرڈ سٹیشن کے آئی یو اور نومل کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ منصوبہ گلگت بلتستان کےلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس منصوبے کی ٹائم لائنز کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر سیکریٹری برقیات کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کی معیار اور رفتار کو یقینی بنایا جائے۔ ریجنل گرڈ میں استعمال ہونے والے تمام میٹریل کا لیبارٹری ٹیسٹ کو یقینی بنایا جائے۔ حکومت گلگت بلتستان اس منصوبے کےلئے درکار وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ صوبائی سیکریٹری برقیات اور پروجیکٹ ڈائریکٹر نے ریجنل گرڈ فیز 1 کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سے عمائدین نلتر پائین نے ملاقات کی اور 18 میگاواٹ پاور پروجیکٹ کے واٹر چینل کی وجہ سے درپیش مشکلات اور مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہاکہ نلتر پائین کے عوام کے جائز مطالبات پر غور اور قابل عمل حل نکالنے کےلئے چیئرمین ریفارمز کمیٹی و ممبر گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو اپنی سفارشات تیار کرکے منظوری کےلئے پیش کرے گی۔