ن لیگ حکومت کا حصہ، حفیظ کا بیان غیر جمہوری سوچ کا عکاس، فیض اللہ فراق

 گلگت(پ ر)ترجمان برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے سابق وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ سابق وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان تمام سیاسی جماعتوں کا اکثریتی انتخاب ہے ، حفیظ الرحمن کو اس بات کا بھی فہم ہونا چاہئے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے حاجی گلبر خان کے حق میں رائے دی ہے اسلئے گلگت بلتستان میں مسلم لیگ ن اس وقت موجودہ حکومت کا حصہ دار ہے ۔ ترجمان نے واضح کیا کہ حافظ سے اس طرح کی توقع نہیں تھی کہ وہ ہر وقت غیر جمہوری بیانات کے ذریعے اپنی شخصیت پر فرق ڈالیں گے، کیونکہ استعفی اور قبل از وقت مدت ختم کرنے کی خواہشات ایک جمہوری شخص کے نہیں ہوسکتی ہیں ۔موجودہ اسمبلی کے پاس5سال کی آئینی مدت ہے اسے پورا کرے گی ، حاجی گلبر خان جب سے وزیر اعلی بنے ہیں تب سے گلگت بلتستان کے اہم مسائل حل ہوئے ہیں ، وفاقی حکومت کے ساتھ صوبائی حکومت کے بہتر تعلقات اس بات کی دلالت کرتے ہیں کہ موجودہ وزیر اعلی اور اسکی ٹیم خطے کی عوام کی بہتری کیلئے کوشاں ہے ، گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ ایک قومی حکومت تشکیل پائی ہے جس میں تمام رنگ نسل مسلک اور علاقوں کی نمائندگی شامل ہے اسے ڈیزاسٹر سے تشبیہ دینا مثبت اپروچ نہیں ہے ، ضلع دیامر جیسے پسماندہ ضلع سے تاریخ کا پہلا وزیر اعلی مسلم لیگ ن کی قیادت کی مشترکہ رائے سے بنا ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت جھٹلا نہیں سکتی ہے ؟ ترجمان نے واضح کیا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان بھی اس طرح کے وزیر اعلی ہیں جس طرح پہلے گزرے ہیں اور فیصلے بھی بطور چیف ایگزیکٹو خود کریں گے کسی سے ڈیکٹیشن لینے کی ضرورت نہیں ہے البتہ موجودہ وزیر اعلی مشاورت پر یقین رکھتے ہیں اور یہ عمل تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کے ساتھ خوش اسلوبی سے وقتا فوقتا کرتے رہتے ہیں