گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ریجنل گرڈ فیز اور میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ نلتر کے ٹائم لائنز پر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ ان منصوبوں کے ٹائم لائنز کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ریجنل گرڈ فیزIکے جاری کام میں تیزی لائی جائے۔ گرڈ سٹیشن کی تعمیر کو جلد مکمل کیاجائے تاکہ ٹرانسمیشن لائنوں پر کام کا آغاز کیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری برقیات اور متعلقہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی ہے کہ ریجنل گرڈ میں معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے، تمام میٹریل کو تنصیب سے قبل متعلقہ لیبارٹری سے ٹیسٹ کرایا جائے۔ اس اہم منصوبے کی معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ہے۔ ریجنل گرڈ کے تمام مراحل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بہت جلد ریجنل گرڈ فیزI کے گرڈ سٹیشن کا دورہ کرکے تعمیراتی کام کا جائزہ لیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پی ایس ڈی پی کے میگا پروجیکٹس میں غیر ضروری تاخیر سے صوبے کو ناقابل تلافی نقصان ہوتا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی جارہی ہے جو پی ایس ڈی پی منصوبوں کی مانیٹرنگ کا کام سرانجام دےگی اور ان منصوبوں کی معیار اور رفتار کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کو رپورٹ پیش کرےگی۔ وزیر اعلیٰ نے نلتر 16میگاواٹ پاور پروجیکٹ کی تعمیر کے حوالے سے دیئے گئے ٹائم لائنز پر عملدرآمد نہ ہونے پر سیکریٹری برقیات کو ہدایت کی ہے کہ اکتوبر میں اس منصوبے کا سول ورک مکمل نہ ہونے کی صورت میں سخت ترین تادیبی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔ متعدد بار یقین دہانی اور تحریری ٹائم لائنزفراہم کرنے کے باوجود اس منصوبے پر کام سست روی کا شکار ہے۔ گلگت میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کےلئے 16 میگاواٹ پاور پروجیکٹ نلتر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت میں اکتوبر میں 9.5 میگاواٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل ہوگی جس سے موسم سرما میں عوام کو ریلیف ملے گا۔ اس موقع پر سیکریٹری برقیات ، پروجیکٹ ڈائریکٹر 16 میگاواٹ نلتراور پروجیکٹ ڈائریکٹر ریجنل گرڈ فیزI کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
