استور، سیلاب متاثرین کو چار ماہ تک گندم مفت فراہم کرنے کا اعلان

 گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے کہاہے کہ ہمیں استورکے سیلاب متاثرین کی مشکلات کا احساس ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی کے تحت بحالی کے کام شروع کرنے اور جن کے مکانات سیلاب میں تباہ ہوئے ہیں ان کو حکومتی پالیسی کے تحت فوری طور پر معاوضوں کی ادائیگیوں کے احکامات دیئے ہیں۔ صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کو تنہاء نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن تعاون یقینی بنائے گی۔ واٹر سپلائی، بجلی، روڈ انفراسٹرکچر کی ہنگامی بنیادوں پر بحالی کی منظوری دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ کشونت سیلاب متاثرین کی بحالی کے کاموں کا خود نگرانی کروں گا۔ کشونت کے سیلاب متاثرین کو چار ماہ کیلئے مفت گندم فراہم کی جائے گی۔ مستقبل میں اس علاقے کو سیلاب سے بچائو کے حوالے سے بھی متعلقہ محکموں کو اقدامات کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ ادھروزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام غریب اور مستحق افراد کی مالی مدد کے حوالے سے انتہائی مفید ثابت ہوا ہے۔ گلگت  بلتستان میں تقریباً 92ہزار مستحقین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے استفادہ حاصل کررہے ہیں جن کی اکثریت دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں رہائش پذیر ہیں، جہاں پر ہر وقت انٹرنیٹ کا مسئلہ درپیش رہتا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم مستحقین کے اکائونٹ میں آن لائن ٹرانسفر کرنے کی سہولت فراہم کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت  بلتستان میںپرائیویٹ سیکٹر نہ ہونے کی وجہ سے مستحق افراد کی شرح زیادہ ہے۔ لہٰذا گلگت  بلتستان کو ملک کے دیگر صوبوں سے ترجیحی بنیادو ںپر دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے گلگت  بلتستان کیلئے پی ایم ٹی کی شرح 32فیصد سے زیادہ کی جائے۔ گلگت  بلتستان میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سٹاف کی کمی کی وجہ سے بھی مستحقین کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت  بلتستان کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سٹاف کی آسامیاں بڑھائی جائیں اور جلد سٹاف کی بھرتیاں عمل میں لائی جائے اور موجودہ سٹاف کی ترقی بھی یقینی بنائی جائے۔