گلگت بلتستان کے مسائل وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے، رکن قومی اسمبلی

گلگت (پ ر) بلوچستان سے منتخب رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز ذبیح اللہ نے گلگت میں سوشل ویلفیئر یوتھ ریسورس سنٹر کا دورہ کیا اس موقع پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر فدا حسین نے استقبال کیا۔ اس موقع پر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے محکمانہ بریفنگ دی گئی۔ یوتھ ریسورس سنٹر میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ اس وقت نوجوانوں کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہے۔ نوجوان چاہے تو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔ اس لئے نوجوان اپنے شعبوں میں ملکی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ میری والدہ تھائی لینڈ کی ہے میں چاہتا تو تھائی لینڈ میں شاہانہ زندگی گزار سکتا تھا لیکن میں نے اپنے ملک واپس آنے کا فیصلہ کیا۔ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں اپنے لوگوں کی خدمت کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں بلوچستان کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی میں گلگت بلتستان کی بھی نمائندگی کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ معاون خصوصی ذبیح اللہ میرے ساتھ اسلام آباد آئیں اور ہم گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے مسائل وزیر اعظم پاکستان کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت کا یوتھ پالیسی منظور کرنا بڑی کامیابی ہے۔ اس پالیسی پر عملدرآمد یوتھ کی مشاورت سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ڈیلیور کرنے میں ناکام ہوجائے تو نوجوان اپنے حکمرانوں کے گریبان پکڑے اور ان سے پوچھ لیں کہ نوجوانوں کے مسائل حل کیوں نہیں ہورہے ہیں۔ اس موقع پر نوابزادہ جمال خان رئیسانی کو یوتھ نے سوالات کئے۔ ان سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلہ کشمیر کو نقصان پہنچائے بغیر گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے پر وفاقی حکومت پہلے سے کام کررہی ہے اس حوالے سے وفاقی سیاسی جماعتیں مشترکہ طور پر گلگت بلتستان آئینی مستقبل کے حوالے عوامی آمنگوں کے مطابق گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے لئے اقدامات کریں گی۔ انہوں نے پاکستان کے لئے گلگت بلتستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور میں سرخ سلام پیش کرتا ہوں اور انشا اللہ گلگت بلتستان کے نوجوان مستقبل میں اپنے ملک اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے بھر پور کردار ادا کریں گے گلگت بلتستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے حکومت کی طرف سے نوجوانوں کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے یوتھ کو بھر پور استفادہ اٹھانے کی ضرورت ہے اور وفاقی حکومت کی طرف سے یوتھ کے لئے مذید وسائل فراہم کرنے کے لئے وزیراعظم پاکستان سے خصوصی ملاقات کرکے گلگت بلتستان کے یوتھ کو درپیش چیلنجز کے حل کے حوالے بات کرونگا۔