گلگت بلتستان میں نجی چینلز کے بیورو آفسز بھی قائم ہوں گے، معاون خصوصی

گلگت (پ ر) وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لئے صوبائی حکومت کے اقدامات کو مقتدر حلقوں اور عوام تک پہنچانے کے لئے پی ٹی وی کا اہم کردار ہے۔ انچارج پی ٹی وی گلگت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں میڈیا انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔وزیر اعلی کی درخواست پر ایم ڈی پی ٹی وی نے گلگت بلتستان میں بیورو آفس قائم کر دیا ہے،جس سے صوبائی سطح پر حکومتی اقدامات کی بہتر انداز میں تشہر میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کے بیورو آفس کے قیام کے بعد گلگت بلتستان میں دیگر ٹی وی چینلز بھی اپنا بیورو آفس قائم کریں گے جس سے علاقے میں روزگار کے مواقع ملنے کے ساتھ ساتھ علاقے کی بین الاقوامی سطح پر تشہیر میں مدد ملے گی۔