نگر (پ ر)صوبائی مشیر انفارمیشن ٹیکنالوجی گلگت بلتستان ثریا زمان نے ہرسپو نگر کے مقام پر سو فٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے،صوبائی حکومت آئی ٹی شعبے کو مزید وسعت دینے اور اس کی ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ نگر میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے قیام سے نوجوانوں کو بہترین انٹرنیٹ کی سہولیات میسر ہوں گی،اور نوجوان اس سہولت سے فائدہ اٹھا کر اپنے لئے روزگار کماسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان حکومت اپنے وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے جی بی کے تمام اضلاع میں بھی سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان آئی ٹی کے فیلڈ میں آگے آجائیں اور اس شعبے سے روزگار کمائیں،حکومت تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔ STP پارک ہرسپو نگر کا قیام نگر کے پڑھے لکھے خواتین اور نوجوانوں کے لیے صوبائی حکومت کی طرف سے ایک تحفہ سے کم نہیں ہے، یہاں سے نوجوان فائدہ اٹھائیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بہبود آبادی و حقوق نسواں گلگت بلتستان دلشاد بانو نے کہاکہ کوئی شک نہیں ہے کہ موجودہ دور آئی ٹی کا دور ہے اس لیے جی بی کے نوجوان پہلے سے زیادہ اس فیلڈ میں آگے آجائیں اور اس فیلڈ سے روزگار کمائیں ۔ انہوں نے کہاکہ پہلی مرتبہ موجودہ حکومت کی طرف سے نگرکے مقام پر سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا قیام خوش آئند اقدام ہے اس سے نوجوانوں کو انٹرنیٹ سے متعلق مشکلات ختم ہونگی۔اور نوجوان بہترین انٹرنیٹ کی سہولت سے مستفید ہونگے۔ انہوں اس امید کا اظہار کیا کہ اپر ہنزہ میں بھی سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ وہاں کے نوجوان بھی بہترین انٹرنیٹ کی سہولیات سے مستفید ہوں۔ اس موقع پر سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان ریاض احمد نے کہاکہ مشیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ جی بی ثریہ زمان اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی مجموعی کوششوں اور افسران کی محنت سے آج نگر کے نوجوانوں کے لیے بہترین انٹرنیٹ سہولت کی فراہمی کے لیے سوفٹویئر ٹیکنالوجی پارک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔یہ سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ ہے جہاں پر ٹیکنالوجی پر مشتمل تمام تر سہولیات میسر ہونگی۔ انہوں کہا کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے عمارت میں سولر سسٹم بھی نصب کیا چکا ہے انہوں نے کہاکہ مقامی مصنوعات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کے لیے پاکستان سوفٹویئر ایکسپورٹ بورڈ ،ایس سی او ، اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ جی بی کے مابین ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہونے والے ہیں اس سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فیلڈ میں مزید وسعت ملے گی۔ اس موقع پر گلگت بلتستان سوفٹویئر ٹیکنالوجی ایسوسی ایشن کے صدر غلام رحمان اور دوبانی نیچرل پروڈکٹس کے سی سی او راشد علی نے بھی خطاب کیا۔
