چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ ابھی ہمارا کوئی سٹیڈیم انٹرنیشنل معیار کا نہیں ہے،اسٹیڈیمز بننے دیں بھارت سمیت سب ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انشا اللہ! چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی، میچز کی تاریخیں آگے پیچھے ہوسکتی ہیں، پی سی بی سکیورٹی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔انہوں نے بتایا کہ چار پانچ ماہ مشکل ہوں گے کیوں کہ گراﺅنڈز بن رہے ہیں لیکن چیمپئنز ٹرافی سے پہلے کام مکمل کرلیا جائے گا، چیمپئنز ٹرافی سے پہلے ابتدائی کام مکمل کیا جائے گا، بقیہ کام چیمپینز ٹرافی کے بعد مکمل کرلیا جائے گا۔محسن نقوی کے مطابق خیبرپختونخوا کی حکومت سے بات چل رہی ہے، اگر وہ ہمیں سٹیڈیم دیں تو اس میں بھی کام کریں گے، نیو یارک کا سٹیڈیم بھی آخری دس دن میں مکمل ہوا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ جتنی تیزی سے ممکن ہے دن رات تعمیراتی کام جا ری ہے، چیمپئنز ٹرافی سے قبل کراچی، لاہور اور راولپنڈی اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرنا ایک چیلنج ہے، پر امید ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل کام مکمل کر لیں گے، اسٹیڈیم مکمل ہونے دیں بھارت سمیت سب ٹیمیں آئیں گی۔کنسٹرکشن کا کام دن رات جاری ہے، سٹیڈیمز کی تزئین وآرائشبہت بڑا چیلنج ہے، دنیا کے سٹیڈیمز کے برعکس پاکستان کے سٹیڈیمز غیر معیاری ہیں، ہمارے سٹیڈیم دنیا کے مقابلے میں بہت پیچھے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں نیا سٹیڈیم بنایا جائے گا ۔ہم گراﺅنڈز کی رینوویشن کے حوالے سے آئی سی سی سے رابطے میں ہیں، چمپئینز ٹرافی کے لیے آئی سی سی وفد کے آنے سے پہلے رینوویشن کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔قبل ازیں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے لاہور کے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کرتے ہوئے مین بلڈنگ کی تعمیر کا پی سی بی عہدیداران، ایف ڈبلیو او دیگر کنسٹرکشن کمپنیوں کے نمائندوں کے ہمراہ جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کے قریب ہوٹل کے لیے بلڈنگ لے لی ہے لیکن یہ ایک پیچیدہ مرحلہ ہے، ہفتہ 10 روز میں فیصلہ ہو جائے گا کہ یہ پروجیکٹ چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل ہو سکتا ہے یا نہیں کیونکہ بلڈنگ کو ہوٹل کی شکل دینا ہے۔
