وزیراعلیٰ کی نلتر سولہ میگا واٹ پاور پراجیکٹ پر کام تیز کرنے کی ہدایت

گلگت(پ ر) وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے نلتر16میگاواٹ پاور پروجیکٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری برقیات او ر پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گلگت میں عوام کو شدیدمشکلات کا سامنا ہے۔16میگاواٹ پاور پروجیکٹ 30 اکتوبر کی ٹائم لائن کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کریں۔ منصوبے کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور ٹھیکیداروں کو پابند کیا جائے کہ مختلف شفٹ میں اس منصوبے پر کام یقینی بنایاجائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت کیلئے بجلی کی فراہمی نلتر سے ہورہی ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت کو سفارش کی جائے گی کہ مستقبل میں واپڈا کے ذریعے پاور پروجیکٹس کیلئے ریزوائر تعمیر کیاجائے تاکہ بلاتعطل پاور پروجیکٹس کو پانی کی فراہمی ممکن ہو۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری برقیات اور پروجیکٹ ڈائریکٹر نے 16 میگاواٹ پاور پروجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلی ٰنے 18 میگاواٹ پاور پروجیکٹ کے ٹینک کی صفائی کے کام کا بھی جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ کو چھلمس داس میں دریائی کٹا ﺅکی وجہ سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے سیکریٹری برقیات اور کمشنر گلگت ڈویژن نے بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ دریائی کٹاﺅ کی روک تھام کے حوالے سے مستقل حل نکالنے کیلئے محکمہ تعمیرات،جی بی ڈی ایم اے کو ہدایت کی جائے گی کہ جامہ سفارشات تیار کریں۔