چار نئے اضلاع کو فعال بنانے کےلئے اقدامات شروع

گلگت (پ ر) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے چار نئے اضلاع کو فعال بنانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں کا احساس محرومی کو دور کرنے اور عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرنے کیلئے چار نئے انتظامی یونٹس کا اعلان کیا اور 2019 میں ان چار نئے اضلاع کا نوٹیفکیشن بھی کیا گیا۔ پانچ سال گزرنے کے باوجود نئے انتظامی یونٹس فعال نہ ہونے سے ان اضلاع کے عوام کی مایوسی اور مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ لہذا صوبائی حکومت نے اصولی فیصلہ کیا ہے کہ چار نئے انتظامی یونٹس کو ضروری آسامیوں سے فعال بنائے اور بتدریج تمام ضروری پوسٹوں کی تخلیق اور بھرتیاں مرحلہ وار کی جائیں۔ اس حوالے سے وزیر اعلی نے صوبائی سیکریٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کو ہدایت کی ہے کہ نئے چار انتظامی یونٹس کو فوری طور پر فعال بنانے کیلئے ضروری آسامیوں کی سمری تیار کریں اور کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کریں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون غلام محمد، صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن رحمت خالق، سیکریٹری سروسز، سیکریٹری قانون، ایس ایم بی آر اور متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔ادھر وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے صوبے میں بارشوں کی پیشگوئی کے مدنظر ضلعی انتظامیہ، جی بی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، کمیونیکیشن اینڈ ورکس سمیت تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے استور میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کے احکامات دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، جی بی ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ محکموں کو فوری طور پر انفراسٹرکچر کی بحالی اور ریلیف کے کاموں کا آغاز کریں۔ وزیر اعلی نے محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کو بھی ہدایت کی ہے کہ شاہراہوں کی بحالی کو یقینی بنائیں۔ اولے بارشوں سے مزید نقصانات کے بچاو کے لئے ایمرجنسی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔