معروف اداکارہ و سابقہ سپر ماڈل آمنہ شیخ نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی کا ہر فیصلہ سمجھداری سے کیا، اسی وجہ سے انہیں کسی بھی فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں۔حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران آمنہ شیخ نے اپنے شوبز کیریئر سمیت اپنی نجی زندگی اور پاکستان سے دبئی منتقل ہونے کے بارے میں کھل کر بات کی۔آمنہ شیخ نے کہا کہ ماڈلنگ اور اداکاری میں بہت فرق ہوتا ہے، ماڈلنگ کے لیے خواتین میں گلیمرس کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے جس کی وجہ سے بعض خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ اداکاری میں گلیمر کی ضرورت نہیں، اسی وجہ سے ماڈلنگ کے مقابلے میں اداکاری کی دنیا میں کیریئر بنانا آسان ہے۔اداکارہ نے کہا کہ میں نے اداکاری اور ماڈلنگ کا فرق سمجھتے ہوئے اپنے دونوں کیریئر کو ایک ساتھ آگے بڑھایا تھا، اسی وجہ سے مجھے زیادہ مشکلات پیش نہیں آئیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی بیٹی کی پیدائش کے بعد اس کی پرورش کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔آمنہ شیخ نے کہا کہ ماں بننے کے بعد ترجیحات تبدیل ہوجاتی ہیں اور ذمہ داریاں بھی بڑھ جاتی ہیں، میں نے بھی اپنے کیریئر پر بیٹی کی پرورش کو ترجیح دی تھی۔آمنہ شیخ نے مزید کہا کہ میں نے اپنی مرضی سے نئی زندگی شروع کرنے اور دوبارہ خاندان بنانے کا فیصلہ کیا، یہی وجہ ہے کہ مجھے اپنے کسی بھی فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں۔
