ملک کے خلاف بات کرنے والوں کو سخت جواب دینا ہوگا، فورس کمانڈر

 گلگت(پ ر)قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں لالک جان شہید (نشان حیدر)سکالر شپ آف ایکسلینس پروگرام کے تحت 25طلبا وطالبات میں سکالرشپ تقسیم کردیئے گئے۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یوکے مطابق تقریب تقسیم سکالرشپ کے مہمان خصوصی فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل کاشف خلیل تھے۔ان کے ہمراہ کے آئی یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطا اللہ شاہ، یونیورسٹی کے سینئرانتظامی وتدریسی آفیسران سمیت طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل کاشف خلیل نے کہاکہ جامعہ قراقرم کی تعمیروترقی کے لیے ہرممکن تعاون کریں گے، لالک جان شہید (نشان حیدر)سکالر شپ آف ایکسلینس پروگرام کے تحت سکالر شپ کی تعداد میں مزید اضافہ کریں گے تاکہ طلبا مزید بہتر انداز میں تعلیم کے حصول پر توجہ دیں اور ملکی تعمیروترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔فورس کمانڈر نے جامعہ قراقرم کو عمرہ سکیم، سکالرشپ اورکھیلوں کے فروغ کے لیے مزید تعاون جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے کہاکہ تعلیم صحیح اور غلط میں فرق سکھاتی ہے۔لہذا طلبا اس فرق کو پہنچانتے ہوئے معاشرے میں تقسیم پیدا کرنے اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں کی طرف لے جانے والے سازشی عناصر کی حوصلہ شکنی کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ سازشی عناصرکو ناکامی حاصل ہو۔انہوں نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ طلبہ وطالبات دو کام کو اپنے اوپر فرض سمجھ کر سرانجام دیں ایک ملک عزیز کے خلاف بات کرنے والوں کو سخت جواب دینا اور ان کی حوصلہ شکنی کرنا اور دوسرا تفرقہ اور تقسیم پیدا کرنے والوں کے خلاف آواز بلند کرنا۔اگر یہ دو کام کریں گے تو مسائل خود بخود ختم ہوجائیں گے۔فورس کمانڈر گلگت بلتستان نے کہاکہ نوجوانوں میں بے پناہ صلاحتیں موجود ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان صلاحیتوں کو سمجھتے ہوئے انہیں بروکار لائیں۔اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطا اللہ شاہ نے کہاکہ قومی یگانگت اور یکجہتی کے لیے ہر فرد کا اہم کردار ہے۔لہذا ہر فرد اپنی اہمیت کو سمجھتے ہوئے قومی یکجہتی و یگانگت کے لیے کام کریں۔وائس چانسلر نے افواج پاکستان کی جانب سے تعلیم وتحقیق کے فروغ کے لیے جامعہ کے ساتھ تعاون کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس تعاون کو مزید بڑھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ طلبا اعلی تعلیم وتحقیق کے حصول کو اپنا شیوہ بنائیں اور منفی سرگرمیوں سے دور رہیں۔کیونکہ چند سازشی عناصر نوجوانوں کو منفی چیزوں کی طرف لے جانے کی سازشوں میں لگے ہوئے ہیں۔نوجوان نسل مثبت چیزوں کے ذریعے ان کو ناکام بنائیں۔وائس چانسلر نے کہاکہ لالک جان شہید(نشان حیدر)سکالر شپ آف ایکسلینس پروگرام کے تحت سکالرشپ دینے کا مقصد اعلی تعلیم وتحقیق کا فروغ ہے۔لہذا سکالر شپ حاصل کرنے والے طلبا اپنی تعلیمی کارکردگی میں مزید نکھار پید اکرتے ہوئے سکالرشپ کا مقصد کو پورا کریں۔تقریب میں افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے کنوینئر سکالرشپ کمیٹی و ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق نے مہمان خصوصی سمیت دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سال 2024میں جامعہ کی جانب سے طلبا کو دس مختلف سکالرشپ سکیموں کے ذریعے دی جانے والے وظائف کے تفصیلات سے شرکا کو آگاہ کیااور تبایاکہ اب تک تین ہزار کے قریب طلبا کو وظائف دئیے گئے ہیں۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی فورس کمانڈر گلگت بلتستان،وائس چانسلر کے آئی یو ویگر نے طلبہ وطالبات میں سکالرشپ تقسیم کئے۔ آئی یو اور INTI انٹرنیشنل یونیورسٹی ملائیشیا تعلیم وتحقیق کے فروغ سمیت دیگر امور پر مشترکہ طور پر کام کریں گے۔