سکردو(پ ر)فورس کمانڈر میجر جنرل کاشف خلیل نے کہا کہ وطن عزیز کو ترقی سے ہمکنار کرنے کے لیے ہمیں معاشی طور پر مستحکم ہونا ہو گا ، استحکام معاشی ترقی سے مربوط ہے وطن عزیز کے نوجوان صلاحیتوں سے بھرپور ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان اپنی توانائیوں کو ملکی ترقی اور استحکام کے لیے بروئے کار لائیں ، ہمیں خود کفالت کی طرف بڑھنا ہو گا ،نوجوان معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں ، نوجوان مایوسی کا شکار نہ ہوں ، مایوسی کے خاتمے کے لئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔بلتستان یونیورسٹی میںمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فورس کمانڈر نے کہا کہ یونیورسٹی آف بلتستان سکردو کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا ، انہوں نے کہا کہ لالک جان شہید سکالر شب کا اجرا نوجوانوں کو تعلیمی طور پر خود کفیل بنانے کے لیے شروع کیا گیا تاکہ وہ پڑھ لکھ کر ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں انہوں نے کہا کہ سکالر شپ کا اجرا مستقبل قریب میں بھی جاری رہے گا ، یونیورسٹی آف بلتستان کے طلبا کے لیے کھیلوں کے مواقع پیدا کرنے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی پاک آرمی اپنا کردار ادا کرے گی ، فیکلٹی اور طلبا کے لیے تعلیمی اور تحقیقاتی دوروں کا انعقاد جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ ترقی کے لیے تعلیم ہی واحد ہتھیار ہے نوجوانوں کو خود مختار بنانے کی ضرورت ہے تفرقہ پھیلانے اور وطن عزیز کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والے عوامل کی ہر صورت حوصلہ شکنی ہونی چاہئے انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تفرقہ پھیلانے والوں اور منفی پروپگنڈا کرنے والوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوجائیں ترقی کے حصول کے لیے ہمیں درست سمت کا انتخاب کرنا پڑے گا انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کی نحوست سے نجات دلائیں گے ،فورس کمانڈر نے کہا کہ آئی ٹی یوتھ کو خود مختار کرنے کا بہترین ذریعہ ہے حکومت گلگت بلتستان کے ساتھ مل کر 14مقامات پر آئی ٹی ہب بنائے جائیں گے اور خاص طور پر ان علاقوں کو ترجیح دی جائے گی جہاں یہ سہولت موجود نہیں ، ہمیں دیر پا ترقی کے لیے ہر طرح کے اختلافات کو ختم کرنا پڑے گا روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی ضروری ہے گلگت بلتستان میں سیاحت ،زراعت ، ماہی گیری ،اور معدنیات کے شعبے میں بڑے مواقع ہیں نوجوان ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں، موجودہ دور میں سب سے بڑا ہتھیار تعلیم آگاہی اور اتحاد ہے ،بھائی چارے اور محبت کے ساتھ ملک و قوم کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے ، ہمیں اپنے ملک کی بہتری اور مفاد کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔وائس چانسلر یونیورسٹی اف بلتستان سکردو پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ بلتستان کی سرپرستی میں پاک آرمی نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے پاک آرمی نے ہمیشہ اس نوزائیدہ یونیورسٹی کی حوصلہ افزائی کی ،نوجوان خود کو علوم اور فنون سے آراستہ کر کے ملکی ترقی ، استحکام اور یکجہتی میں اپنا کردار ادا کریں ،نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں ، ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہئے، ہمیں اپنے شہدا کی قربانیوں پر فخر ہے ، سی پیک کی وجہ سے خطے کی اہمیت بڑھ گئی ہے ،یونیورسٹی آف بلتستان سکردو خطے میں تعلیمی انقلاب کے لیے کوشاں ہے، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر حاجی کریم خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنے خطاب میں کہاکہ یونیورسٹی آف بلتستان سکردو کی نئی عمارت مکمل ہے اور ہم نئی عمارت میں شفٹ ہونا چاہتے ہیں تاہم یونیورسٹی کی نئی عمارت تک سٹرک ابھی تک نہیں بنی جس کے باعث نئی عمارت میں شفٹ ہونے سے قاصر ہیں، انہوں نے فورس کمانڈر سے گزارش کی کہ وہ سڑک کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں ، بعد ازاں جامعہ ہذا کے 15 طلبا میں تعلیمی وظائف کے چیکس تقسیم کیے گئے ۔
