وہاب نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیروں تلے سے زمین نکالنے کا ارادہ کرلیا

قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سے ہٹائے جانے پر سابق کرکٹر وہاب ریاض نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پیروں تلے زمین نکالنے کا ارادہ کرلیا

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض نے لکھا کہ سلیکشن کمیٹی کے اوپر دباؤ ڈالنے جیسے بیان سے اتفاق نہیں کرتا، 1 ووٹ 6 پر کیسے حاوی ہوسکتا ہے؟ میٹنگ منٹس میں سب کچھ ریکارڈ پر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی سے فارغ کرنے اور سینئیر مینیجر کے عہدے سے سبکدوش کیے جانے پر آج شام اپنا بیان جاری کروں گا

سابق کرکٹر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ٹی20 ورلڈکپ 2024 کی شکست پر مجھے قربانی کا بکرا بنانے کی اجازت نہیں دوں گا

قبل ازیں بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس پر سلیکٹر وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو عہدے سے فارغ کردیا گیا ہے، اب دونوں سابق کرکٹرز آئندہ سلیکشن معاملات میں شامل نہیں ہوں گے۔

عبدالرزاق اور وہاب ریاض کی جگہ نئے سلیکٹرز کا انتخاب کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ سابق کرکٹرز کی جانب سے ٹیم سلیکشن پر تنقید کے بعد کیا گیا ہے