فیصلہ کن تحریک کاجلدآغازہوگا،ایکشن کمیٹی

گلگت(پ ر)عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کی مرکزی کابینہ کا اہم اجلاس مرکزی چیئرمین احسان ایڈوکیٹ کی زیر صدارت گلگت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں عوامی ایکشن کمیٹی کی تاریخی تقریب کے بعد کی صورتحال اور محرم الحرام کی آمد کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں عوامی ایکشن کمیٹی کی کامیاب تقریب پر عوامی ایکشن کمیٹی کی کابینہ ، قائدین اور یوتھ کی کوششوں اور محنت کو سراہا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین احسان ایڈوکیٹ اور دیگر قائدین نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی نے گلگت بلتستان کے عوام اور عوامی قیادت کو اپنے وسائل کے تحفظ کیلئے ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے تاریخ رقم کی ہے اب گلگت بلتستان کی قوم کسی صورت اپنے وسائل زمینوں ، پہاڑوں، جنگلات کی لوٹ مار کی کسی کو اجازت نہیں دیگی ۔عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان بہت جلد گرین ٹورازم ، ٹیکسز کے نفاز سمیت چارٹر آف ڈیمانڈ کو لیکر تاریخی تحریک شروع کریگی جو فیصلہ کن ہوگی۔ اجلاس میں محرم الحرام کی آمد اور گلگت بلتستان میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ اور گلگت بلتستان کی عوام سے اپیل کی گئی کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں اتحاد و بھائی چارگی کی فضا کو قائم رکھیں اور ایسے عناصر پر نظر رکھیں جو کسی کے آلہ کار بن کر عوام کو بد امنی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کرتے ہیں ۔محرم الحرام ظالم کیخلاف کلمہ حق بلند کرنے اور مظلوم کی حمایت کا درس دیتا ہے۔ اجلاس میں سوشل ایکٹیویسٹ یاور عباس نے بھی خصوصی شرکت کی عوامی ایکشن کمیٹی کے قائدین نے یاور عباس کی رہائی پر انہیں مبارکباد دی اور انکی جدوجہد اور استقامت پر خراج تحسین پیش کیا۔ یاور عباس نے عوامی ایکشن کمیٹی کے قائدین کا انکے حق میں بھرپور آواز اٹھانے پر شکریہ ادا کیا اور عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک میں اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔