محرم الحرام، سخت سکیورٹی انتظامات کا فیصلہ، امن وامان قائم رکھنے کےلئے کمیٹی قائم

گلگت(پ،ر)وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں عشرہ محرم میں امن وامان کو یقینی بنانا اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ محرم الحرام میں مثالی امن کو یقینی بنانے کیلئے قانون پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز محلہ کمیٹیوں کیساتھ روزانہ کی بنیادوں پر اجلاس منعقد کریں۔ ماضی میں جن علاقوں میں انتشار اور بدامنی کے حوالے سے مسائل کا سامنا رہا ہے ان علاقوں میں سیکورٹی کے بھرپور انتظامات کئے جائیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ڈیپلائمنٹ میں اضافہ کیا جائے گا۔ جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ جلوسوں کے اختتام پر تمام شرکا کے پرامن منتشر ہونے تک سیکورٹی انتظامات کو الرٹ رکھا جائے۔ سوشل میڈیا کی کڑی نگرانی کی جائے، مذہبی منافرت پھیلانے اور نقص امن کا باعث بننے والے عناصر کیخلاف بلاتفریق ایف آئی آر درج کرکے قانونی گرفت میں لایا جائے۔ خصوصا سرکاری ملازمین جو سوشل میڈیا کے ذریعے منافرت پھیلانے میں ملوث پائے جائیں ان کو چارج شیٹ کرکے نوکری سے ڈسمس (Dismiss)کیا جائے۔ حاجی گلبر خان نے ہدایت دی کہ سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت گلگت میں نصب تمام سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال بنایا جائے اور تمام مجالس او رجلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جائے۔ نفرت انگیز تقاریر کرنے والے مقررین پر کڑی نظر رکھی جائے او رامن وامان خراب کرنے والوں کیخلاف بلاتفریق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر سیکریٹری تعمیرات و مواصلات، سیکریٹری برقیات، سیکریٹری صحت سمیت تمام متعلقہ محکمہ کے سربراہوں کو ہدایت کی کہ جلوس اور مجالس کے روٹس کی صفائی، بلاتعطل بجلی کی فراہمی سمیت صحت کی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر وزیر اعلی گلگت بلتستان نے صوبے میں امن وامان اور بھائی چارے کے ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے صوبائی وزیر داخلہ شمس کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی ، معاون خصوصی مولانا سرور شاہ، معاون خصوصی حسین شاہ اور سپیشل کوآرڈنیٹر شیخ ناصر زمانی کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔ کمیٹی صوبے کے تمام اضلاع کا دورہ کرے گی اور امن وامان کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ شمس لون، معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ حسین شاہ، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، صوبائی سیکریٹری داخلہ، آئی جی پی گلگت بلتستان، کمشنر گلگت، ڈپٹی کمشنر گلگت سمیت اعلی آفیسران نے شرکت کی جبکہ کمشنر بلتستان، کمشنر دیامر/ استور ریجن سمیت تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلا س میںشرکت کی۔