ممبران اسمبلی کابجٹ تقسیم پرجھگڑاشرمناک،اشرف صدا

سکردو (پ ر)مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے ترجمان و سابق چئیرمین قائمہ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل محمد اشرف صدا نے کہا ہے کہ ممبران اسمبلی کا بجٹ کو مال غنیمت سمجھنا اور تقسیم پر جھگڑا شرمناک ہے۔ اسمبلی ممبران کی غیر سنجیدگی سے اسمبلی کا وقار مجروح اور جمہوری نظام داغدار ہو رہاہے۔جس اسمبلی نے عوام کے بہتر مفاد میں قانون سازی کرنی تھی وہ وفاقی گرانٹ میں سے زیادہ سے زیادہ فنڈز کے حصول کے لیے مچھلی منڈی بن کر رہ گیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کو زاتی مفادات کے حصول کے لیے بلیک میل کرنے میں مصروف ہے۔ غیر ترقیاتی بجٹ میں تشویش ناک حد تک اضافہ عوامی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتی جارہی ہے۔ ستر فیصد بجٹ مراعات یافتہ طبقے پر خرچ ہو تو عوام کی قسمت میں گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ہی لکھی جائیگی۔ ہسپتالوں میں دوا، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی کمی، کالجوں میں کلاس رومز اور لیکچررز کی کمی،سکولوں میں اساتذہ اور فرنیچرز کی کمی، صوبائی حکومت کی آمدنی نہ ہونے کے برابر تاہم مراعات یافتہ طبقہ عوامی وسائل پر قبضہ جما کر دن دوگنی رات چوگنی ترقی میں مصروف ہیں ۔ اور اپنی مراعات میں قلیل کمی کے لیے تیار نہیں۔