گلگت(پ ر)صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے تیار کی جانے والی سفارشات پر گلگت بلتستان کے سکولز و کالجز میں طلبا کےلئے وقت حاضر کے تقاضوں کے مطابق اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لیے ایجوکیشن فیلوز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں منظوری سے انقلابی قدم اٹھایا جا چکا ہے۔ ہماری حکومت تعلیم دوست اقدامات کے ذریعے صوبے کے طول وعرض میں طلبا کے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے کوشش کی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان کے اسکولوں اور کالجوں میں اساتذہ کے کمی دور کرنے کیلئے ایجوکیشن فیلوز کی تعیناتی عمل میں لانے کیلئے آغا خان یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ برائے ایجوکیشن ڈویلپمنٹ (اے کے یو۔ آئی ای ڈی)قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ( کے آئی یو)لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (ایل یو ایم ایس) نالج پلیٹ فارم(کے پی)پر مشتمل کنسورشیم کیساتھ کئے گئے معاہدے میں حالیہ ترامیم کے بعد فوری عملدر آمد یقینی بنانے کیلئے بھی منظوری دیدی گئی ہے۔ وزیر تعلیم گلگت بلتستان نے اس حوالے سے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی اور تعلیمی درسگاہوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کیلئے ایجوکیشن فیلوز کی تعیناتی کے بہتر نتائج سامنے آئینگے۔
