جمعیت علماءاسلام کی رکنیت سازی مہم کا آغاز

گلگت (پ ر) جمعیت علما اسلام ضلع گلگت نے گلگت ائیرپورٹ ایریا میں کیمپ لگا کر باقاعدہ طور پر رکنیت سازی مہم کا آغاز کردیا ۔پروگرام کا آغاز مولوی صدر عالم کے تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔اس پروگرام میں جمعیت علمائے اسلام گلگت بلتستان کے صوبائی کنوینر حاجی رحمت خالق ، صوبائی امیر مولانا عطا اللہ شہاب ، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری بشیر احمد قریشی ، صوبائی نائب امیر مولانا نثار ، سیکرٹری مالیات ٹکا خان ، ضلعی ناظم انتخابات میر بہادر ، سابق ضلع گلگت کے امیر حاجی جمعہ خان ، امیر جے یو آئی گلگت مولانا مشتاق ،ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ عنایت اللہ ، رہنما جے یو آئی منہاج الدین ، مولانا مجاہد اور دیگر سینئر ساتھیوں نے بھرپور شرکت کی۔پروگرام کی صدارت ضلعی ناظم انتخابات میر بہادر نے کیا جبکہ پروگرام کے مہمان خصوصی صوبائی ناظم انتخابات منسٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی رحمت خالق تھے ۔پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے ضلعی ناظم انتخابات میر بہادر نے کہا کہ صوبائی ناظم انتخابات حاجی رحمت خالق کے حکم پر رکنیت سازی کے حوالے سے آج یہ کیمپ لگایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج سے پرانے ساتھیوں نے رکنیت فارم پر کر کے تجدید عہد وفا کرنا ہے جبکہ تمام ساتھیوں نے بھرپور مہم کے ذریعے نئے افراد کو اس عظیم جماعت میں شامل کروا کر نظریاتی ساتھی ہونے کا ثبوت دینا ہے ۔پروگرام میں مہمان خصوصی حاجی رحمت خالق نے رکنیت سازی کی رسید کاٹ کر افتتاح کیا۔اس دوران حاجی رحمت خالق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی باقاعدہ طور پر رکنیت سازی مہم کا آغاز ہوچکا ہے ، لہذا تمام ساتھیوں کو چاہئے کہ بڑھ چڑھ کر اس کمپین میں حصہ لیں اور اس مہم کو کامیابی سے ہم کنار کرنے کے لئے ضروری ہے کہ مسجد سطح پر علما کرام کو اس میں شامل کر کے عام عوام کو جمعیت کے ممبر بنانے کے لئے کوششیں تیز کریں ۔انہوں نے صوبائی کنوینئرز کو ہدایات دی کہ وہ جگہ جگہ کمیٹیاں بنا کر رکنیت سازی مہم کو کامیابی سے ہم کنار کریں ۔ افتتاحی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر گلگت بلتستان مولانا عطا اللہ شہاب نے کہا کہ جمعیت علما اسلام نے ملک پاکستان میں اسلامی قانون سازی میں مرکزی کردار ادا کیا ہے اور 1974 میں قادیانیوں کو پارلیمنٹ سے غیر مسلم قرار دیکر کر ختم نبوت کا تحفظ کیا۔