اسلام آباد(پ ر)سابق وزیراعلی و صدر پاکستان مسلم لیگ(ن)گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اسلام آباد میں پی آئی اے کے CEO اور ڈائریکٹرز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر حافظ حفیظ الرحمننے گزشتہ دو ہفتوں سے گلگت کیلئے پی آئی اے فلائٹس آپریشن کی معطلی پر سخت تشویش اور تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ 21ویں صدی میں گزشتہ دو ہفتوں سے گلگت بلتستان کے ہیڈ کوارٹر گلگت کیلئے پی آئی اے فلائٹس بند ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پی آئی اے کو جہازوں کی کمی یا ٹیکنیکل خرابی جیسے مسائل کا سامنا تھا تو پی آئی اے کو دیگر پرائیویٹ کمپنیوں کو جہاں متبادل فلایٹس کیلئے قائل کرنا چاہیے وہاں ایمرجنسی میں C130 کیلئے وزارت دفاع سے بھی رابطہ رکھنا چاہئے کیونکہ ماضی میں پی آئی اے فلائٹس کی معطلی کے دوران وزارت دفاع اور جی ایچ کیو کے تعاون نے گلگت بلتستان میں C130 فلائٹس چلا کر عوام کو سفری سہولت فراہم کی ہیں۔حافظ حفیظ الرحمن نے پی آئی اے حکام سے کہا دو ہفتوں سے فلائٹس نہ ہونے کے باعث گلگت میں مریض،طلبا،خواتین اور بزرگ سخت پریشانی سے دوچار ہیں جبکہ دوسری طرف سیاحتی سیزن میں فلائٹس نہ ہونے سے ہوٹل انڈسٹری اور سیاحتی شعبے سے وابستہ دیگر کاروبار ی افرادکو شدید نقصان کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت کیلئے روزانہ کی بنیاد پر فلائٹس شیڈول جاری کیا جائے۔اس موقع پر سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ ہم معذرت خواہ ہیں کہ اے ٹی آر جہازوں کی کمی اور ٹیکنیکل مسائل کی وجہ سے گلگت کی فلائٹس کا شیڈول معطل ہوا۔سی ای او نے کہا کہ گلگت کیلئے بہت جلد دو اے ٹی آر جہازوں کو دستیاب رکھا جائے گا اور 7 جون 2024 سے گلگت کیلئے روزانہ کی بنیادوں پر دو فلائٹس کو یقینی بنایا جائے گا۔سابق وزیراعلیٰ و صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ(ن)گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ سے اسلام آباد میں اہم ملاقات۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات اور وزارت اطلاعات کے اعلی حکام نے حافظ حفیظ الرحمن کا والہانہ استقبال کیا۔ملاقات میں حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ گلگت بلتستان کی نیشنل سوشل و پولیٹیکل اور جیو سٹریٹیجی میں غیر معمولی اہمیت ہے جس کے پیش نظر وفاقی اطلاعات و نشریات کے اداروں کو گلگت بلتستان میں سرکاری اطلاعاتی نیٹ ورک کو موثر بنانے کی ضرورت ہے۔حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ ففتھ جنریشن وار اور ڈیجیٹل میڈیا کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے وزارت اطلاعات کو اپنی پالیسی ماڈریٹ اور سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے کی بھی ضرورت ہے نیز پی ٹی وی کے نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرکے رائے عامہ کو ہموار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پی ٹی وی کے بیورو آفس کو ترجیحی بنیادوں پر قائم کیا جائے تاکہ گلگت بلتستان کو اطلاعاتی سطح پر جہاں قومی دھارے میں شامل کیا جائے وہاں سوشل و اکنامک کے شعبوں میں گلگت بلتستان کی سیاحت جہاں ترقی کرے وہاں گلگت بلتستان کی ثقافت،روایات،زبانوں اور علاقائی تنوع سے مالا مال اس صوبے کو دنیا بھر متعارف کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اطلاعاتی اداروں بالخصوص پی ٹی وی میں گلگت بلتستان کے نواجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے جائیں۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے حافظ حفیظ الرحمن کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ وفاقی وزارت اطلاعات گلگت بلتستان میں میڈیا کے منظم اور فعال کردار کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔انہوں نے گلگت بلتستان میں پی ٹی وی کے بیورو فس کے قیام کیلئے وفاقی سیکرٹری اطلاعات کو موقع پر احکامات جاری کیے اور وزارت اطلاعات و پی ٹی وی کے حکام کو گلگت بلتستان میں سرکاری نشریاتی ترجیحات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی وزارت اطلاعات نشریاتی شعبے میں گلگت بلتستان کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔صحافی اور صحافت کی فلاح و بہبود کیلئے تجاویز کو عملی جامع پہنانے میں بھی بھرپور کردار ادا کرے گی۔
