بدو بدی کی مقبولیت بھی آئی ٹو آئی کی طرح عارضی ہے، جگن کاظم

اداکارہ و ٹی وی میزبان جگن کاظم کا کہنا ہے کہ حال ہی میں کامیڈین چاہت فتح علی خان کی جانب سے جاری کردہ گانے بدو بدی کی شہرت بھی ماضی میں ریلیز کیے گئے گانے آئی ٹو آئی کی طرح عارضی ہے۔ ایک انٹرویو میں جگن نے چاہت فتح علی خان کے گانے کی مقبولیت کو عارضی قرار دیا اور کہا کہ مذکورہ گانا بھی ماضی میں اسی طرح تھوڑے وقت کے لیے مقبول ہونے والے گانوں کی طرح ہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح چائے والا سمیت دیگر لوگ بھی سامنے آئے اور انہوں نے کچھ وقت کے لیے نام کمایا اور پھر غائب ہوگئے، ان کی شہرت اور مقبولیت عارضی ہوتی ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اس بات کی خواہش مند رہی ہیں کہ انسان کو ایسا کام کرنا چاہیے جو دیرپا ہو اور اس کی مقبولیت ہمیشہ ہی قائم رہے۔انہوں نے اپنی مثال دی کہ وہ بھی ایسے ہی کام کرتی ہیں، وہ کم اور آہستہ کام کرتی ہیں لیکن جو بھی کام کرتی ہیں وہ دیرپا ہوتا ہے اور اس کا اثر دیر تک رہتا ہے۔