سائلین سے مہمانوں جیسابرتاﺅکیاجائے،آئی جی

سکردو(پ ر)معاشرے کو جرائم سے پاک رکھنے کےلئے اقدامات اٹھانا اور جرائم کی صورت میں اس کا کھوج لگا کر مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانا پولیس کی اولین زمہ داری ہے ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان افضل محمود بٹ نے ڈسٹرکٹ پولیس لائن سکردو میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار تھانوں میں سائلین سے مہمانوں جیسا برتا ﺅکرکے ان کے مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کریں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ نفرت جرم سے کی جاتی ہے مجرم سے نہیں۔ آئی جی افضل محمود بٹ کا کہنا تھا کہ آپ کا اچھا برتاﺅ اور سلوک کسی مجرم کو جرم کی دنیا سے نجات دے کر نیکی کے راستے پر گامزن کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس سے وابستہ افراد کو نظم و ضبط کا خاص خیال رکھتے ہوئے اپنی تمام تر توجہ عوام الناس کی جان و مال کی حفاظت اور قانون پر عمل داری کے بنیادی فریضے کی انجام دہی پر مرکوز کرنا ہوگی۔ سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے اجتناب کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے کے بجائے معاشرے میں امن بھائی چارگی اور رواداری کے فروغ کےلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والوں کےلئے پولیس فورس میں کوئی جگہ نہیں ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے ڈی پی او آفس سکردو میں ڈسٹرکٹ پولیس لیزان کمیٹی کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور عوام کے مابین دوستانہ تعلقات استوار کرتے ہوئے باہمی تعاون کے ذریعے معاشرے کو جرائم سے پاک کرکے خوشگوار ماحول قائم کیا جاسکتا ہے تاکہ معاشرہ ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو جائے ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس سکردو کی لیزان کمیٹی کے ممبران سے توقع ظاہر کی کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی پولیس اور عوام کے مابین پل کا کردار ادا کیا جاتا رہے گا۔ شہید محمد اشرف نور کے ورثا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہدا ہمارا فخر ہیں جن کی قربانیوں کے طفیل قوم آج سکون کی زندگی گزار رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا محکمہ پولیس شہدا کے ورثا کی ہر ممکن مدد کرتا رہے گا اور ہمیشہ ہر موڑ پر ساتھ دے گا۔ آئی جی گلگت بلتستان نے ڈسٹرکٹ پولیس لائن سکردو میں کمپیوٹر لیب کا دورہ کیا اور زیر تربیت پولیس اہلکاروں سے تربیت کے حوالے سے سوالات کئے اور زیر تربیت اہلکاروں میں اسناد بھی تقسیم کئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس سکردو کے مختلف شعبہ جات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس آفیسروں اور جوانوں میں تعریفی اسناد معہ نقد رقم بھی دی۔ ڈسٹرکٹ پولیس لائن پہنچنے پر ڈسٹرکٹ پولیس سکردو کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی ۔ اس سے قبل ڈی پی او آفس سکردو میں ڈی پی او سکردو اسحاق حسین نے آئی جی گلگت بلتستان افضل محمود بٹ کو تفصیلی بریفننگ دیا اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر بلتستان فرمان علی بھی ہمراہ تھے ۔