آسٹریلوی ہائی کمشنر کا کے آئی یو کے ساتھ تعاون کا اعلان

گلگت(پ ر) آسٹریلیا کے پاکستان میں تعینات ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔دورے میں انہوںنے وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاءاللہ شاہ سے ملاقات کی۔ شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق ملاقات میں وائس چانسلر کے ہمراہ یونیورسٹی کے سینئرانتظامی وتدریسی آفیسران بھی موجود تھے ۔ملاقات میں وائس چانسلر کے آئی یو نے آسٹریلین ہائی کمشنر کو یونیورسٹی میں جاری تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں، یونیورسٹی میں تعمیروترقی کے منصوبوں سمیت مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق تفصیلی پریڈنٹیشن کے ذریعہ آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ہائی کمشنر کو جامعہ آمد پر کے آئی یو فیملی کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہیںاور امید ظاہر کرتے ہیں کہ آسٹریلین ہائی کمشنریونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے فروغ،طلباءو فیکلٹی تبادلہ پروگرامز شروع کرنے سمیت مختلف حوالوں سے جامعہ کو معاونت فراہم کریں گے۔ امید ہے کہ آسٹریلین ہائی کمشنر کے آئی یو کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے گا۔ اس موقع پرآسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جامعہ قراقرم کا دورہ کرکے فیکلٹی و طلباءسے مل کربہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ آسٹریلین ہائی کمیشن جامعہ قراقرم کو اپنے ترجیحات میں شامل کرے گی اوروومن ایمپاورمنٹ سمیت اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے فروغ سمیت دیگر مواقع پر جامعہ کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔انہوںنے کہا کہ گلگت بلتستان میں معدنیات ،گلیشیئرز سمیت دیگر وسائل کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مواقع سے فائدہ حاصل کیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ قراقر م انٹرنیشنل یونیورسٹی خطے میں اعلیٰ تعلیم وتحقیق کی فراہمی کے لیے بہترین کام کررہی ہے ۔جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ۔ ملاقات کے بعد آسٹریلین ہائی کمشنر نے یونیورسٹی کے ایم پی ہال میں طلباءوطالبات سے تعامل کیا۔ملاقات میں انہوںنے طلباءپر زور دیتے ہوئے کہاکہ ٹیم ورک کے ذریعے معاشرے کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور ہمیشہ مثبت سوچ رکھیں ۔ملاقات میں طلباءنے آسٹریلیا میں طلباءکے لیے اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے مواقع سے متعلق سولات بھی پوچھے ۔