شوٹنگ میں خلل ڈالنے پر شفیع محمد شاہ کو ڈرامے سے نکال دیا تھا، سلطانہ صدیقی

معروف اداکارہ، میزبان، ہدایت کارہ، پروڈیوسر سلطانہ صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں جب وہ ڈراموں کی ہدایت کاری کرتی تھیں تب شوٹنگ میں خلل ڈالنے پر انہوں نے مرحوم شفیع محمد شاہ کو ڈرامے سے ہی نکال دیا تھا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ہی معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کو سندھی کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں گلوکاری کرنے کا کہا اور ان کی فرمائش پر ہی انہوں نے اردو زبان میں گلوکاری کرنا شروع کی۔ان کا کہنا تھا کہ مرحومہ نازیہ حسن ‘ ٹینا ثانی اور گلوکار علی حیدر کو بھی انہوں نے ہی متعارف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ پی ٹی وی میں ہدایت کاری کرتی تھیں تو ایک دفعہ شوٹنگ کے وقت مرحوم شفیع محمد شاہ ان سے کچھ دیر کے لیے اجازت لے کر گئے لیکن پھر واپس نہ آئے تو اگلے دن انہوں نے اداکار کو ڈرامے سے ہی نکال دیا جس پر مرحوم اداکار نے ان سے معافی مانگی، ان کے آگے ہاتھ جوڑے لیکن پھر بھی وہ اپنے فیصلے پر اٹل رہیں۔سلطانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ ماضی میں جہاں اداکار اپنے پروڈیوسز و ہدایت کاروں کی عزت کرتے تھے، وہیں ڈائریکٹرز بھی اداکاروں کی عزت کرتے تھے لیکن اب ایسا نہیں رہا۔