گلگت (پ ر) اے کے آر ایس پی اور گلگت بلتستان ٹیکنیکل ایجوکیشن سکل ڈولپمنٹ ڈیپاٹمنٹ کے مابین ضلع غذر اور ضلع استور میں نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے باہمی تعاون اور سہولت کاری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ اے کے آر ایس پی کی جانب سے ریجنل پروگرام منیجر گلگت یاسمین قلندر نے نمائندگی کی۔ جبکہ گلگت بلتستان ٹیکنیکل ایجوکیشن سکل ڈویلپمنٹ کے سیکرٹری فرید احمد نے دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق ضلع غذر اور ضلع استور میں گلگت بلتستان ٹیکنیکل ایجوکیشن سکل ڈویلپمنٹ آغاخان رورل سپورٹ پروگرام کی مالی معاونت سے تین سو کے قریب نوجوانوں کو ڈیجیٹل اور ٹیکنیکل تعلیم کے مختلف شعبہ جات میں ہنرمند بنایا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری گلگت بلتستان ٹیکنیکل ایجوکیشن سکل ڈولپمنٹ فرید احمد نے کہا کہ ضلع غذر کے مختلف علاقوں کو شدیدموسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے رونما ہونے والے مالی نقصانات کو کم کرنے کے لیے ہنرمند نوجوانوں کی اس خطے کو انتہائی ضرورت ہے، انھوں نے کہاکہ اے کے آر ایس پی گلگت بلتستان میں ترقی کی راہ میں مثالی کردار ادا کررہی ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اے کے آر ایس پی نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے حوالے سے حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی۔ریجنل پروگرام منیجر اے کے آر ایس یاسمین قلندر نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ بریو (BRAVE)پرو جیکٹ کے تحت کمیونٹی سطح پر موافق فورمز بنارہے ہیں۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں انہی فورمز کے ساتھ مل کر مقامی کمیونٹیز کی ضروریات کا پتہ لگاکر ضروریات کے حساب سے سہولیات فراہم کر کے نوجوانوں کو باروزگار بنانا ہے۔ ریجنل پروگرام منیجر نے کہا کہ جی بی ٹیک کے ساتھ مل کر وہ تین سو سے زائد خواتین اور نوجوانوں کو سرٹیفائیڈ کورسز سے گزارینگے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ کورس کے اختتام پر نوجوان روزگار حاصل کرنے کے اہل ہونگے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ سکل ڈویلپمنٹ جی بی انجینئر عاصم علی نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے کے آرایس پی کی مالی معاونت سے انکا ادارہ گلگت بلتستان کے دو اضلاع ضلع غذر اور استور میں نوجوان خواتین و حضرات کو ہنرمند بنانے کے لیے جلد مختلف شعبہ جات میں کورسز کا آغاز کرے گا۔ مزید کہا کہ حال میں روایتی طرز تعلیم کے ساتھ ساتھ تکنیکی تعلیم کی بھی بہت زیادہ ضرورت ہے اور نوجوانوں کے پاس ڈگری کے ساتھ ساتھ اگر ہنر بھی ہوگا تو وہ کبھی بے روزگار نہیں رہینگے۔ انھوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو الیکٹریشن، سولرانرجی، ڈیجٹل سکلز ، گرافک ڈیزائننگ اور امازون اور مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق فیشن ڈیزائننگ کے کورسز بھی کرائے جائینگے۔ پروجیکٹ منیجر امجد کریم نے کہا کہ پروجیکٹ کا مقصد موسمیاتی تبدیلی سےرونما ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے کمیونیٹیز کو تیار کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کمیونٹیز کو زراعت اور دیگر روایتی پیشوں پر انحصار کم کرنے کے لیے ہنرمند بنایا جارہا ہے۔ تاکہ قدرتی آفات کے بعد زمینی نقصان کے متبادل حل کا بندوبست کیا جاسکے۔
