سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے اعتراف کیا ہے کہ وہ بھی دوسری بار محبت سے گزریں اور یہ کہ انہیں دوسری بار شادی کرنے پر شدید تحفظات تھے، کیوں کہ وہ دو بیٹیوں کی ماں تھیں۔ ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے نومبر 1989 میں پہلی بار بطور اداکارہ شوٹنگ کا آغاز کیا اور ان کا پہلا ڈراما ہی اداکار شبیر جان کے ساتھ تھا۔شگفتہ اعجاز کا کہنا تھا کہ انہوں نے بمشکل 18 برس کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور جلد ہی انہوں نے شہرت حاصل کرلی۔پروگرام میں انہوں نے دو طرفہ محبت اور دوسری بار محبت کا اعتراف بھی کیا اور کہا کہ یہ ممکن ہی نہیں کہ ان جیسی خوبصورت خاتون صرف یک طرفہ محبت پر ہی زندگی گزار دے۔اداکارہ نے شادی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ انہوں نے شوہر یحی صدیقی کی جانب سے پیش کش کے دو سال بعد ان سے شادی کے لیے رضامندی ظاہر کی۔انہوں نے بتایا کہ شادی کی پیش کش کو تاخیر سے قبول کرنے کا سبب ان کی ذاتی اور ذہنی پریشانیاں تھیں، کیوں کہ وہ پہلے ہی دو بیٹیوں کی ماں تھیں، اس لیے وہ دوسری بار رشتہ ازدواج میں بندھنے پر پریشانی اور گھبراہٹ کا شکار تھیں۔
