مانسہرہ سے سکردو تک موٹروے بنائیں گے، وفاقی وزیر مواصلات

 گلگت (پ ر)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو اومیجر جنرل عبدالسمیع اور وفاقی سیکریٹری مواصلات نے دورہ گلگت کے موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سے وزیر اعلیٰ سیکریٹری میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بابوسر روڈ کو آل ویدر بنانے اور شونٹر ٹنل کی تعمیر گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کےلئے ناگزیر ہے۔ جگلوٹ سکردو روڈ میں کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا ہے۔ مسلسل لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے جگلوٹ سکردو روڈ بیشتر بند رہتا ہے جس کی وجہ سے بلتستان کے عوام اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے وفاقی وزیر مواصلات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مانسہرہ سے سکردو تک موٹر وے تعمیر کرنے کی بات کی ہے جو خوش آئند ہے۔ ہمیں امید ہے کہ آ پ مانسہرہ سے سکردو تک موٹروے کی تعمیر کے منصوبے کو عملی جامعہ پہنائیں گے۔ گلگت بلتستان میں روڈ انفرسٹرکچر کی بہتری سے گلگت بلتستان میں غربت کا خاتمہ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تتہ پانی کے مقام پر بھی اکثر شاہراہ بند رہتی ہے جس کی وجہ سے مسافروںکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت متبادل شاہراہ کی تعمیر کا کام شروع کیا ہے۔ اس متبادل شاہراہ کو شاہراہ قراقرم سے ملانے کےلئے سٹیل پل درکار ہے۔ اس شاہراہ کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سٹیل پل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ تتہ پانی کے متبادل روڈ کو فعال کیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت چترال ایکسپریس وے پر کام جاری ہے۔ اس اہم شاہراہ پر کام کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ گلگت بلتستان کے روڈ انفرسٹرکچر کے چند میگا منصوبے پی ایس ڈی پی سے منظور ہوچکے ہیںان منصوبوں کا ٹینڈر ہونے کے بعد کام شروع ہوچکا ہے۔ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کےلئے درکار فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ شاہراہ قراقرم میں حالیہ بس حادثے سمیت کئی دلخراش ٹریفک حادثات ہوئے ہیں جن میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا ہے۔ شاہراہ قراقرم کو ٹریفک حادثات سے محفوظ رکھنے کےلئے موٹر وے پولیس تعیناتی عمل میں لائی جائے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان سوزرلینڈ سے زیادہ خوبصورت ہے۔ میں اس علاقے کا سفیر بن کر کام کروں گا۔ یہاں کے روڈ انفراسٹرکچر کو مثالی بنائیں گے۔ مانسہرہ سکردو موٹر وے کو عملی جامعہ پہنایا جائے گا۔ سکردو روڈ کو محفوظ بنانے کےلئے ڈی جی ایف ڈبلیو او کے ہمراہ آج سکردو روڈ کا دورہ کررہا ہوں۔ گلگت بلتستان میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ روڈ انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے بعد ایک کروڑ سیاح گلگت بلتستان آسکتے ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ گلگت بلتستان کو اپنے آنے والے نسلوں کےلئے محفوظ بنانے کی ضرورت ہے جس کےلئے بغیر منصوبہ بندی کے تعمیرات کو روکا جائے۔ بائی لاز اور منصوبہ بندی کےلئے صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ گلگت بلتستان کی ترقی کےلئے منتخب نمائندوں کو رائے عامہ ہموار کرنا ہوگا تاکہ ہمارے وسائل میں اضافہ ہو۔ صوبائی حکومت کے تعاون سے شاہراہ قراقرم پر موٹر وے پولیس کی تعینات کےلئے اقدامات کریں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعمیرات امجد زیدی، صوبائی وزیر خزانہ انجینئر اسماعیل، صوبائی وزیر زراعت انجینئر انور، صوبائی وزیر برقیات مشتاق احمد، معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ ذبیع اللہ، ترجمان فیض اللہ فراق ودیگر بھی موجود تھے۔