پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی 20انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پانچواں اور آخری میچ آج ( بروزہفتہ )قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کے چار ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-2ہے ۔ مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پاکستان کے خلاف 1-2کی برتری حاصل ہے۔پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا،دوسرے میچ میں پاکستان نے مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 7وکٹوں سے شکست دی ، تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر مقابلہ 1-1سے برابر کر دیا تھا تاہم چوتھے میچ میں کیوی ٹیم نے ایک بار پھر میزبان گرین شرٹس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4رنز سے شکست دے کر 1-2کی برتری حاصل کرلی تھی۔ پاکستانی ٹیم ہفتہ کو مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی ،سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد ، اعظم خان ، فخر زمان ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، محمد عباس آفریدی ، محمد رضوان ، محمد عامر ، محمد عرفان خان ، نسیم شاہ ، صائم ایوب ، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی ، اسامہ میر ، عثمان خان اور زمان خان شامل ہیں ۔نیوزی لینڈ ٹیم کو مائیکل بریسویل لیڈ کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹام بلنڈل ، ٹم سیفرٹ ، فن ایلن ، مارک چیپمین ، جوش کلارکسن ، ڈین فوکس کرافٹ ، کول میک کونچی ، جیمز نیشم ، جیکب ڈفی ، بین لسٹر ، ولیم او روک ، بین سیئرز ، ایش سودھی ، ایڈم ملن ، زیکری فوکس اور ٹم روبنسن شامل ہیں ،پاکستان ٹیم کو سیریز برابر کرنے کے لئے آخری میچ جیتنا لازمی ہوگا۔
