دیامر ڈیم پر کام کرنے والے غیر ملکی ورکرز کی سکیورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت

گلگت(پ ر)وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش سیکورٹی چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے دیامر بھاشا ڈیم پر کام کرنے والے چائینز اور غیر ملکی انجینئرز کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنائی جائے۔ پاکستان کی خوشحالی کیلئے اہم منصوبوں کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک دشمن عناصر سازشیں کرسکتے ہیں۔ لہذا جدید خطوط پر چائینز کی سیکورٹی کیلئے انتظامات کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے دیامر بھاشا ڈیم کی سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ واپڈا سیکورٹی سسٹم کو بہتر اور موثر بنانے کیلئے چیئرمین واپڈا سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ واپڈا کے سیکورٹی ملازمین کی بہتر ٹریننگ اور جدید ہتھیار فراہم کئے جاسکے۔اجلاس میں گلگت بلتستان سکاٹس، پولیس، انتظامیہ اور دیگر اعلی آفیسران نے شرکت کی۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر دیامر کو ہدایت کی کہ شتنگ نالہ اور ہڈر نالہ کے مقام پر روڈ کی وجہ سے گھروں کو ہونے والے نقصانات کاازالہ کیا جائے اور تعمیراتی کام مکمل ہونے تک رہائشیوں کو متبادل جگہ پر منتقل کیا جائے۔ادھر وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے تھور کے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ واپڈا ہسپتال کو فعال کرنے کیلئے چیئرمین واپڈا سے رابطہ کیا جائے گا۔ تھور ہڈر تحصیل کے قیام کیلئے اقدامات کریں گے۔ تھور کے عوام کے درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ آرمی پبلک سکول کی میٹر ک تک کلاسز شروع کرنے کیلئے ایف سی این اے کو سفارش کی جائے گی۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے کہا کہ چیئرمین واپڈا سے سی بی ایمز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے جلد ملاقات متوقع ہے۔ بعدازیں وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے خصوصی افراد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمتوں میں خصوصی افراد کیلئے متعین کوٹے پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ چلاس میں سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کو فعال بنایا جائے گا اور سٹاف کی کمی کو دور کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ خصوصی افراد کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے حکومت بھرپور مواقع فراہم کر یگی۔ تمام سرکاری دفاتر میں خصوصی افراد کی رسائی ممکن بنایاجائےگا۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے چلاس میں دیامر کے جید علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیامر کے مسائل حل کرنا اور پسماندگی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ واپڈا کی جانب سے دیامر بھاشا ڈیم کے سی بی ایمز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔ چیئرمین واپڈا سے ملاقات میں تمام مطالبات پرتفصیلی بات ہوگی۔ دیامر کے عوام نے ڈیم کیلئے قربانی دی ہے۔ عوام کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔ مسنگ چولہا کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ ڈیم کی رائیلٹی پر ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات میں کشمیر طرز پر نیٹ ہائیڈل پروفٹ اور رائلٹی کا مسئلہ حل کرے۔ وزیر اعظم نے کمیٹی کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بابوسر ٹنل کی فزیبلٹی تیار ہورہی ہے تاکہ بابوسر روڈ کو آل ویدر بنایا جاسکے۔ دیامر کے عوام کے مطالبے پر ورکنگ پلان کی منظوری ہوگی تاکہ جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ دیامر میں تعلیم کے فروغ کیلئے وزیر اعظم پاکستان نے دیامر کیلئے دانش سکول کا اعلان کیا ہے۔ باہمی تعاون سے اس اہم منصوبے کیلئے چلاس میں جگہ مختص کی جائے گی۔ بعدازیں وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گوہر آباد کے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوہر آباد سمیت صوبے کے تمام 10 اور 30 بیڈ ہسپتالوں کو فعال بنائیں گے۔ سکولوں میں اساتذہ کی دستیابی یقینی بنائیں گے۔ گوہر آباد کیلئے آر سی سی پل کی تعمیر کو یقینی بنائیں گے تاکہ عوام کو درپیش سفری مشکلات کو حل کیا جاسکے۔ عوام کے مسائل حل کرنے اور وسائل کا منصفانہ تقسیم یقینی بنائیں گے۔