ثنا میری اچھی دوست ‘ ان کی شادی ہونے پر خوشی ہے، احسن خان

معروف اداکار احسن خان نے ساتھی اداکارہ ثنا جاوید کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک سے دوسری شادی پر ان کی حمایت کردی۔ ایک ٹی وی شو میں ثنا جاوید کے حوالے سے سوال پر احسن خان نے کہا کہ میں نے 9 مہینوں تک ثنا جاوید کے ساتھ کام کیا، وہ میری ایک اچھی دوست ہیں اور ان کی شادی ہوجانے پر بہت خوش بھی ہوں۔اداکار نے کہا کہ'ویسے شوٹنگ کے دوران اپنی نجی زندگی سے متعلق زیادہ بات نہیں کرتے لیکن اگر ثنا نے ایسا کچھ بتایا بھی ہوگا تو وہ میں سب کو نہیں بتاﺅنگا کیونکہ وہ دو دوستوں کی آپس کی باتیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں نے شادی کی ہے اور شادی کرنے سے زیادہ خوبصورت بات اور کیا ہوگی لیکن لوگ منفی باتیں کر رہے ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے اس شادی کے حوالے سے سوچا ہی نہیں تھا اور یہ خبر جان کر سب چونک گئے۔انہوں نے کہا کہ لیکن جس کا ساتھ اللہ نے لکھا ہوتا ہے وہ ہر حال میں مل ہی جاتا ہے اور ایسا ہی ثنا اور شعیب کے معاملے میں بھی ہوا۔