گلگت (پ ر)گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ ہماری ملی تاریخ کا نہایت اہم دن ہے۔ آج کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے اپنی منزل کا تعین کیا اور متحد ہوکر مسلسل جدوجہد سے حصول پاکستان کو عملی طور پر ممکن بنایا۔آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم قائد اعظم اور علامہ اقبال کی افکار کو مشعل راہ بنا کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرینگے۔جب تک بحیثیت قوم ہم سب ملکر اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام نہیں کرینگے تب تک بحرانوں سے نکلنا ممکن نہیں ہیں۔آج بلاشبہ مملکت خداداد پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی انتھک محنت اور کوششوں سے ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے,غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدمات اٹھائے جا رہے ہیں,چھوٹے صوبوں کی طرف توجہ دی جارہی ہیں اور کرپٹ عناصر کا احتساب ہو رہا ہے لیکن جب تک قوم کا ہر فرد اپنا قومی فریضہ ادا نہ کرے تب تک ان چیلنجز کا مقابلہ ممکن نہیں ہے۔اگر ہم متحد ہوکر ملک و قوم کی ترقی خوشحالی اور استحکام کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرےں تو وہ دن دور نہیں کہ وطن عزیز پاکستان میں ہر سو خوشحالی اور معاشی ترقی کا بول بالا ہوگا،عام عوام کی زندگی میں تبدیلی آئیگی اور یہ ریاست عملی طور پر ایک فلاحی ریاست بنے گی۔
