ہالی ووڈ کے سپر اسٹار ول اسمتھ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے رمضان کے مقدس مہینے میں پورا قرآن پڑھا تھا خاص کر حضرت موسیٰ علیہ السلام کے واقعات نے انہیں بہت متاثر کیا۔ غیر ملکی میڈیا کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ دو سال سے ایک مشکل وقت سے گزر رہے تھے، جس نے انہیں اپنے باطن کے بارے میں سوچنے پر مجبور کیا۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران انہوں نے قرآن مجید سمیت تمام مقدس کتابوں کا مطالعہ کیا،یہ میری زندگی کا وہ دور تھا جب میں اپنے دل کو زیادہ سے زیادہ وسیع کرنا چاہتا تھا تاکہ میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو گلے لگا سکوں۔ول اسمتھ کے مطابق قرآن کی سادگی نے انہیں بہت متاثر کیا ساتھ ہی انہوں نے مقدس صحیفوں کے درمیان تعلق پر زور دیا۔ہالی وڈ اسٹار نے کہا کہ میں قرآن پاک میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کے حوالے سے بہت سارے حوالہ جات دیکھ کر حیران رہ گیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے قرآن کی سادگی پسند ہے کیونکہ یہ بہت آسان ہے اور اس میں چیزیں بہت واضح ہیں، اس لیے بغیر کسی غلط فہمی کے اسے پڑھنا بہت آسان ہے۔
