جی بی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس، 5ارب64کروڑ سے زائد کے منصوبے منظور

 گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے زیر صدارت گلگت بلتستا ن ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں مجموعی طور پر5 ارب64کروڑ59 لاکھ 80 ہزار کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ فیزIجس کی لاگت 75کروڑ 42 لاکھ 81ہزارکے ریوائز کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پاور سیکٹر کے مختلف منصوبوں کےلئے ڈی جی سیٹس کی خریداری اور تنصیب کےلئے 50 کروڑ16لاکھ 24ہزار لاگت کے منصوبے کی منظوری دگئی۔ گلگت بلتستان کے ہائیڈل سٹیشنز کےلئے ٹی جی سیٹس کی خریداری کےلئے 72کروڑ 30 لاکھ لاگت کے منصوبے کے ریوائز کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں 3.2 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ بٹوٹ نومل گلگت کے 62 کروڑ 87 لاکھ71 ہزار لاگت کے منصوبے کی ریوائز کی منظور ی دی گئی۔اجلاس میں 160 کلو واٹ ہائیڈرو پاور سٹیشن تانگیر کو 2میگاواٹ میں تبدیل کرنے کا منصوبہ لاگت 82 کروڑ 94لاکھ 39 ہزارکے ریوائز کی منظوری دی گئی۔ جی بی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں تعمیرات کا منصوبہ دیامر ریجن میں معلق پل کو آر سی سی پل سے تبدیل کرنے کے منصوبے لاگت 44 کروڑ 99 لاکھ کے منصوبے کی ریوائز کی منظوری دی گئی اور 18کلو میٹر روڈ کی توسیع اور میٹلنگ چھلت تا بر خاص نگر کے منصوبہ لاگت 75کروڑ 90 لاکھ منصوبے کے ریوائز کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں استور گوریکوٹ تا شغرتھنگ روڈ لاگت 5 ارب 27کروڑ 40 لاکھ کے پی سی ون کی ایکنک سے درستگی کےلئے سفارش کی گئی۔ گلگت شہر زون 2اور3 کو سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ سے منسلک کرنے کا منصوبہ لاگت 99 کروڑ 99لاکھ 58ہزار کے منصوبے کی موڈیفیکیشن کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا کہ گلگت بلتستا ن میں بیشتر منصوبے خصوصاً برقیات کے منصوبے غیر ضروری طور پر ناقص پی سی ون کی تیاری اور آفیسران کی غفلت اور نااہلی کی وجہ سے متعدد بار ریوائز ہوتے ہیں جس کی وجہ سے قومی خزانے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچتا ہے اور عوام بھی بروقت ان منصوبوں سے مستفید نہیں ہوتے ہیں، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان میں غیر ضروری طو رپر ترقیاتی منصوبوں کے ریوائز کے کلچر کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔ ناقص پی سی ون بنانے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل میں غفلت برتنے والے آفیسران کےخلاف بلاتفریق سخت کارروائی کرنا ہوگی تاکہ گلگت بلتستان میں ترقیاتی عمل جمود کا شکار نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ محکمہ برقیات اور تعمیرات سمیت تمام محکموں میں جزا اور سزا کے نظام پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ بین الاضلاعی شاہراہ استور تا شغرتھنگ سکردو روڈ کے ناقص پی سی ون کی وجہ سے یہ منصوبہ بروقت شروع نہیں ہوسکا جس کے پی سی ون کی درستگی کی سفارش جی بی ڈی ڈبلیو پی سے ایکنک کو کی گئی ہے، اس منصوبے کے اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت کی ترجیح ہے کہ جلد اس منصوبے کے پی سی ون کو درست کرکے اس پر کام کا آغاز کیا جائے۔