فی الحال کسی کے ساتھ محبت کے رشتے میں نہیں ہوں‘ ماورا حسین

 معروف اداکارہ ماورا حسین نے کہا ہے کہ محبت میں تعلقات پیچیدہ نہیں آسان ہونے چاہئیں‘ فی الحال کسی کے ساتھ محبت کے رشتے میں نہیں ہوں۔ ایک انٹرویو میں ماورا حسین نے کہا ہے کہ محبت وہ ہوتی ہے جب دو لوگ اپنی حقیقی شخصیت کے ساتھ ایک دوسرے کو قبول کریں۔ماورا حسین نے کہا کہ زندگی پہلے ہی بہت زیادہ مشکل ہے تو اسی لیے مجھے ایسا لگتا ہے کہ محبت آسان ہونی چاہیے جس میں آزادی ہو اور دو لوگ باآسانی ایک دوسرے کو سمجھ سکیں۔ ماورا حسین نے کہا کہ فی الحال میں کسی کے ساتھ بھی محبت کے رشتے میں نہیں ہوں کیونکہ میں ایسی محبت کی تلاش میں ہوں جو آسان ہو، آسان سے میرا مطلب یہ نہیں ہے کہ میں محبت میں سست ہونا چاہتی ہوں بلکہ تعلقات پیچیدہ نہیں آسان ہونے چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایسے شخص کا انتخاب کرنا چاہیے جس کے ساتھ آسانی کے ساتھ پوری زندگی گزر سکے، جس کے ساتھ تعلقات مشکل نہ ہوں۔