گلگت (پ ر) صوبائی معاونین خصوصی ایمان شاہ، حسین شاہ، ذبیح اللہ اور سیکریٹری برقیات ثنا اللہ نے رمضان المبارک میں گلگت شہر سمیت پورے خطے میں بجلی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے حکومتی اقدامات کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام میں عوام کو سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی فراہم کرنے کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور صوبائی حکومت کے فیصلے کے تحت تمام اسپیشل لائینز کا خاتمہ کرکے عوام کو اضافی بجلی فراہم کی جائیگی، نیز گلگت اور سکردو سمیت بڑے شہروں میں بجلی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ڈیزل جنریٹرز سے بجلی فراہم کی جائیگی اور صوبائی حکومت نے اس مقصد کیلئے 25 کروڑ مختص کئے ہیں اور اس ضمن میں فوری طور پر 11 کروڑ روپے ریلیز کر دئیے گئے ہیں۔ صوبائی سیکریٹری برقیات ثنا اللہ نے اس موقع پر گلگت بلتستان میں بجلی کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے سال پلانٹ مشینری اور پرزہ جات کی درآمد کے لیے ایل سیز منظوری میں تاخیر سے بجلی کے منصوبے بروقت مکمل نہیں ہوسکے اور اب صوبائی حکومت کی کاوشوں سے گلگت بلتستان کیلئے ایل سیز کھولنے کے اقدامات سے امسال جون تک 13 میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل کی جائیگی، انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ برقیات میں اصلاحات کے نفاذ کے علاوہ متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے اور تعطل کا شکار بجلی کے منصوبے جلد مکمل کرنے سے توانائی کے بحران کے حل میں مدد ملے گی۔
