معاشرے کی ترقی کےلئے خواتین کوبااختیاربناناہوگا،سعدیہ دانش

 اسلام آباد(پ ر)ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی سکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی گلگت بلتستان سعدیہ دانش نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بیان میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی خواتین کے حقوق کی علمبردار رہی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں ہر طرح کی جدوجہد کرنے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ کسی بھی معاشرے میں خواتین کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے بطور وزیراعظم خواتین کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں نمائندگی دی۔ ان کے لئے باقاعدہ ادارے قائم کئے فرسٹ وومن بنک کا قیام عمل میں لایا خواتین پولیس اور لیڈی ہیلتھ پروگرام جیسے انقلابی اقدامات سے خواتین کو اعتماد کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر بااختیار بنایا۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کو بھر پور نمائندگی دی اور خواتین کے حقوق اور انکے تحفظ کے لئے قانون سازی کی۔صدر آصف علی زرداری کے دور حکومت میں پیپلزپارٹی نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے تسلسل کو جاری رکھا اور قومی اور صوبائی اسمبلی میں خواتین کی نمائندگی میں خاطر خواہ اضافہ کیا اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے تاریخی قانون سازی کی۔ اسکے علاوہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت شہروں کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے پسماندہ علاقوں کی غریب اور نادار خواتین کو نہ صرف مالی معاونت فراہم کی بلکہ انہیں خود روزگاری کے مواقع بھی فراہم کئے۔ پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جس نے اپنی جماعت میں خواتین ونگ کے علاوہ بھی دیگر تنظیموں میں خواتین کو بہترین اور مناسب نمائندگی دی ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے نہایت حوصلہ افزا اور قابل تقلید کام کئے ہیں۔ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو بھی خواتین کے حقوق اور انہیں بااختیار بنانے کے حوالے سے بہترین ویژن رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں بھی پیپلز پارٹی نے خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے کافی کام کیا ہے۔