رمضان پرائس کنٹرول آپریشن، درجنوں گرفتار، چار دکانیں سیل، جرمانے

 گلگت(پ ر) ترجمان برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے احکامات کی روشنی میں تمام ڈویژن کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں رمضان پرائس کنٹرول آپریشن کا آغاز کیا ہے ، صوبہ بھر کے تمام شہروں اور تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز نے مہنگائی کے خلاف کریک ڈوان کرتے ہوئے درجنوں گراںفروشوں کو جیل بھیج دیا ہے درجنوں دکاندار گرفتار اور کچھ دکانوں کو سیل بھی کیا گیا ہے ۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز سے پہلے خودساختہ مہنگائی کے خلاف صوبائی حکومت کے ایکشن کا مقصد عوام کو ریلیف پہنچانا ہے ، ترجمان نے کہا کہ صرف گلگت شہر میں رمضان پرائس کنٹرول ایکشن کے تحت 7 افراد گرفتار کئے جاچکے ہیں ، 4 گراںفروشوں کو جیل بھیج دیا ہے اور 4 دکانیں سیل کی گئی ہیں ،اس کے علاہ صوبہ بھر کے 10 اضلاع میں مزید درجنوں گرفتاریاں عمل میں لائی جاچکی ہیں ، طے شدہ سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف حکومت کاروائی کرے گی اور عوام سے بھی گزارش ہے کہ وہ اجناس ، پھلوں اور دیگر اشیا کی خریداری کے وقت سرکاری نرخ نامے کا خیال رکھیں اور تمام اشیا سرکاری نرخ نامے کے تحت خریدیں اور کسی دکاندار نے مذکورہ نرخ نامے کی خلاف ورزی کی تو فوری متعلقہ مجسٹریٹ کو شکایت کریں ۔۔