محکمہ تعلیم کی بائیس سو اسامیاں،وفاق نے منظوری کےلئے پی سی فور مانگ لیا

 گلگت(پ ر)صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا نے کہا ہے کہ سند یافتہ اہل اور قابل نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کےلئے ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کردیاہے خطے کے بے روزگار نوجوانوں کے لئے خوشخبری ہے کہ پہلے مرحلے میں اہم اقدامات اٹھاتے ہوئے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کیلئے بی پی ایس 14 کی 380 سے زائد اسامیوں پر ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے میرٹ پر بھرتیاں ہوں گی۔ دوسرے مرحلے میں محکمہ تعلیم کی جانب سے بھجوائی جانے والی پوسٹوں کی باقاعدہ منظوری کے لیے وفاقی حکومت نے تیار شدہ پی سی فور مانگ لیا ہے، انشااللہ تقریبا 2200 اسامیاں ہیں جن کی منظوری نہیں ملی تھی۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے تیار کی جانے والی سفارشات کابینہ سے منظوری کے لئے سمری بھجوائی گئی تھی جس کی باقاعدہ منظوری دیکر ایک انقلابی قدم اٹھایا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت تعلیم دوست اقدامات کے زریعے صوبے کے طول وعرض میں طلبا کے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے کوشش جاری ہے۔