معروف و سینئر اداکارہ اسما عباس نے فنکاروں پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنی قبر کی فکر کرنے کا مشورہ دیدیا۔۔ اداکارہ کا ایک مختصر ویڈیو کلپ اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ تمام فنکاروں پر مذہب کے حوالے سے ہونے والی تنقیدوں کا کرارا جواب دیتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ انہیں ہدایت کرنے کے بجائے اپنی اپنی قبر کی فکر کریں کیونکہ مذہب ہر ایک کا ذاتی مسئلہ ہے۔انہوں نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی تو ہم کو اس طرح جج نہیں کرتا جس طرح آپ لوگ کرتے ہیں بلکہ وہ تو بار بار غلطی ہونے کے باوجود بھی معاف کرنے والا ہے۔اسما عباس نے کہا کہ وہ کس طرح عبادت کرتی ہیں، یہ ان کا اور ان کے خدا کا معاملہ ہے، وہ شوبز شخصیت ہیں اور ان کا کام لوگوں کو تفریح مہیا کرنا ہے لیکن لوگ کمنٹس کرکے ہدایات دیتے رہتے ہیں کہ نماز پڑھ لیں، دوپٹہ پہن لیں، بال ڈھانپ لیں اور پتا نہیں، کس کس طرح کی ہدایات کی جاتی ہیں۔انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ ان کی فکر کرنے کے بجائے اپنی فکر کریں، کیوں کہ ہر کسی نے اپنی اپنی قبر میں جانا ہے، کوئی ان کی قبر میں نہیں جا سکتا۔
