پی سی بی نے حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کر دیا

پی سی بی  نے  حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کر دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ  نے فاسٹ بولر حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کردیا ہے۔ یہ فیصلہ دورہ آسٹریلیا 24-2023 کے لیے پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے سے ان کے انکار کی تحقیقات کی روشنی میں کیا گیا ہے

پی سی بی کی ایک کمیٹی کی طرف سے اس معاملے کی  مکمل سماعت  کے بعد اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے خیالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حارث کا سینٹرل کنٹریکٹ یکم دسمبر 2023 سے ختم کر دیا گیا ہے اور انہیں 30 جون 2024 تک کسی بھی غیر ملکی لیگ میں کھیلنے کی این او سی جاری نہیں کی جائے گی

پی سی بی انتظامیہ نے 30 جنوری 2024 کو انصاف کے اصولوں کے مطابق حارث کو سماعت کا موقع فراہم کیا تھا تاہم ان کا جواب غیر تسلی بخش پایا گیا

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ کسی بھی طبی رپورٹ یا معقول وجہ کی عدم موجودگی میں پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے سے انکار سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی ہے