گلگت (پ ر )وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے سانحہ ہڈور کے شہداءکے لواحقین اور زخمیوں میں امدادی چیکس تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ ہڈور انتہائی تکلیف دہ اور قابل مذمت دہشت گردی کا واقعہ ہے۔ حکومت گلگت بلتستان شہداءکے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ پہلے دن سے کھڑی ہے۔ اس دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث اصل مجرموں کی گرفتاری یقینی بنانے کےلئے پرعزم ہیں۔ اب تک 3 مجرموں کو گرفتار کیا گیا ہے اور دیگر مجرموں کی گرفتاری کےلئے بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کوشاں ہیں۔ دہشت گردی کے واقعہ میںملوث تمام مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ دہشت گردی کا یہ واقعہ بزدلانہ فعل ہے جس میں بے گناہ مسافروں کو نشانہ بنایا گیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، صوبائی وزیر داخلہ اور ممبر گلگت بلتستان اسمبلی فتح اللہ خان نے شہداءکے لواحقین اور زخمیوں میں امدادی چیکس تقسیم کئے اور شہداءکی بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعا کی۔ ادھر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ہیلتھ ریفارمز کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں 30 بیڈ ہسپتالوں کو مکمل فعال بنانے کےلئے محکمہ صحت، محکمہ تعمیرات، محکمہ خزانہ سمیت متعلقہ محکموں پر مشتمل کمیٹی آئندہ ایک مہینے میںاپنی سفارشات تیارکرے۔ استور عیدگاہ ہسپتال میں ڈاکٹر سرجن کی تعیناتی کے باوجود مکمل غیر فعال ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ غیر حاضر سٹاف کےخلاف محکمانہ کارروائی کرے اور عیدگاہ ہسپتال کو مکمل طو رپر فعال بنائیں۔ بعض ہسپتالوں میں ضروری مشینری کی فراہمی کے باوجود عدم دستیابی کی شکایت موصول ہورہی ہیں، سیکریٹری صحت اس حوالے سے انکوائری مکمل کرکے متعلقہ فورم میں پیش کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کارڈک ہسپتال سمیت تمام ہسپتالوں میں معیاری مشینری کی خریداری کےلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور سیکرٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ سکردو 250 بیڈ ہسپتال کو مقررہ مدت میں فعال بنانے کےلئے اقدامات کریں۔ پی ایچ کیو ہسپتال کی تعمیر ماسٹر پلان کے مطابق کریں اور ٹائم لائن کو یقینی بنائیں۔ ڈاکٹروں کی ہارڈ ایریاز ٹرانسفر پالیسی کو تیار کرکے کابینہ اجلاس میں منظوری کےلئے پیش کریں۔ صحت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے بھرپور وسائل فراہم کئے ہیں۔ محکمے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ سیکرٹری صحت غیر حاضر سٹاف کےخلاف محکمانہ کارروائی کریںاور سٹاف کی حاضری کو یقینی بنائیں۔
