جنسی ہراسانی کا الزام‘ علی ظفر نے میشا شفیع کو معاف کردیا

گلوکار علی ظفر نے ان پر جنسی ہراسانی کے الزام لگانے والی گلوکارہ میشا شفیع کو معاف کرنے کا اعلان کردیا۔ ایک پوڈ کاسٹ میں علی ظفر نے میشا شفیع کی جانب سے لگائے گئے الزامات اور ان کے فیملی پر پڑنے والے اثرات پر بات کرتے ہوئے ایک اہم اعلان بھی کیا۔انہوں نے بتایا کہ وہ وقت مجھ پر اور میری فیملی پر بے انتہا مشکل ثابت ہوا۔ تمام میڈیا چینلز میرے خلاف تھے۔ میں رات و رات ایک ولن بن گیا تھا اور چند کے علاوہ پاکستان میں کوئی بھی میری بات سننے کو تیار نہیں تھا۔انکا کہنا تھا کہ میں نے اس مشکل وقت سے بہت کچھ سیکھا لیکن اس دوران میری بیوی، بچے اور فیملی نے مجھے بہت ہمت دی، میرا سہارا بنے اور ان ہی کے سبب میں اپنا مقدمہ لڑ سکا۔علی ظفر نے اس حوالے سے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جس نے میرے ساتھ غلط کیا، ناجائز کیا، میں ان سب کیلئے اللہ کی رحمت مانگتا ہوں، کیونکہ جب آپ کسی ایسے شخص کو معاف کرتے ہیں یا اس کو دعا دیتے ہیں جس نے آپ کو نقصان پہنچایا ہو تو آپ کو خود سکون ملتا ہے اور میں اسی سبب میرے ساتھ برا کرنے والوں پر اللہ کی مہربانی کی دعا کرتا ہوں۔